اسپیکر اسمبلی پرساد کمار نے قافلہ کو وداع کیا، حج کے بعد زندگی میں تبدیلی کی تلقین
حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے عازمین حج بالخصوص نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد اپنی زندگی میں تبدیلی لاتے ہوئے سماج کی خدمت میں مصروف ہوجائیں۔ اسپیکر اسمبلی نے تلنگانہ حج کمیٹی سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے روانہ ہونے والے عازمین کے قافلہ کو حج ہاؤز نامپلی سے وداع کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہاکہ حج ایک مقدس فریضہ ہے اور زندگی میں ایک بار ادائیگی ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ نوجوان عازمین سے اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ وہ فریضہ حج سے واپسی کے بعد اپنی زندگی میں تبدیلی لائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ دینی اور نیک کاموں میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر زندگی میں تبدیلی نہیں آئی تو اِس سے حج کی اہمیت گھٹ جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ نوجوان عازمین کو واپسی کے بعد سماج کی خدمت میں مصروف ہونا چاہئے۔ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر امن و امان اور نفرت کے خاتمہ کے لئے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ اسپیکر اسمبلی نے تلنگانہ کی ترقی، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی درازی عمر اور حکومت کی اسکیمات میں کامیابی کے لئے دُعاؤں کی اپیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ 10 سال کے وقفہ کے بعد تلنگانہ میں کانگریس حکومت برسر اقتدار آئی ہے جو غریبوں کی خدمت کے جذبہ سے نئی اسکیمات کا آغاز کررہی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے عازمین حج کو صبر و تحمل کا مشورہ دیتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ حج کے دوران ضعیف عازمین کی خدمت کریں۔ اِس موقع پر علماء نے مناسک حج اور زیارت مدینہ منورہ کے احکامات بیان کئے۔ اِسی دوران حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے 9331 عازمین حج کی سعودی عرب روانگی مکمل ہوچکی ہے جن میں 4850 مرد اور 4481 خواتین شامل ہیں۔ تلنگانہ کے 6738، آندھراپردیش 1159، کرناٹک 835، مہاراشٹرا 502، چھتیس گڑھ 23، بہار 13، اڈیشہ 43، کے علاوہ آسام، بہار، دہلی، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش اور اترپردیش کے بعض عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہوئے جن کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی نے مؤثر انتظامات کئے۔1