حیدرآباد اور اضلاع میں آئندہ چار یوم کے دوران ہلکی و تیز بارش کی پیش قیاسی

   


کرناٹک ، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش میں بھی بارش ، شہر میں جی ایچ ایم سی چوکس
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے دارالحکومت شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 4یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ں نے گذشتہ یوم جاری کردہ بلیٹن میں کہا کہ ریاست تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کرناٹک‘ مہاراشٹرا ‘ آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں بارش کے امکانات میں 80 فیصد تک اضافہ ہوا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ 4یوم کے دوران ریاست میں ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کے بھی امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ شہر حیدرآباد وسکندر آباد کے علاوہ شہر کے نواحی اور مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بھی امکانات ظاہر کئے جانے لگے ہیں۔ہندستانی محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 4یوم کے دوران ریاست تلنگانہ میں مسلسل تیز بارش کے علاوہ پھوار کا بھی امکان ہے اور مطلع ابر آلود رہنے کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی اور مرکزی محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں بارش کی پیش قیاسی اور شہر حیدرآ باد میں موسلادھار بارش کے امکانات کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چوکسی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد میں کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال اور تیز بارش کی صورت میں حالات پر فوری قابو پانے کے لئے جی ایچ ایم سی کے ایمرجنسی عملہ اور ای وی ڈی ایم کے عملہ کو متحرک رکھنے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور جن سڑکوں اور علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشات ہوتے ہیں ان علاقو ںاور سڑکوں پر ایمرجنسی عملہ کی تعیناتی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔