حیدرآباد۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست بھر میں درجہ حرارت کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ پانی میں ہاتھ ڈالتے ہی ہاتھ کانپ رہے ہیں۔ رات بھر سردی ہورہی ہے۔ اس سال سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ کچھ اضلاع میں دس سال میں سرد ترین درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جمعہ کی رات سے ہفتہ کی صبح تک ریاست بھر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.5 سے 11.2 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ سنگاریڈی ضلع میں دس سال کا ریکارڈ کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت کوہیر میں 4.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ سردی کی وجہ سے لوگ صبح 8 بجے کے بعد ہی گھر سے باہر نکل رہے ہیں۔ کمرم بھیم آصف آباد ضلع کے سرپور (یو) بھی گزشتہ کچھ دنوں سے سردی کی لپیٹ میں ہے۔ یہاں بھی کم سے کم 4.8 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ رنگاریڈی اور وقارآباد اضلاع میں بھی دس سال سے سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ جمعہ کی رات سے ہفتہ کی صبح تک سال کا سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ کھمم، ونپرتی، بھدرادری، کتہ گوڑم اور سوریہ پیٹ کو چھوڑ کر باقی اضلاع کا درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے تھا اور ان چاروں اضلاع کا درجہ حرارت 11.2 ڈگری سے نیچے تھا۔ حیدرآباد میں کم سے کم درجہ حرارت10 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ شیرلنگم پلی میں 7.8 ڈگری ملکاجگری میں 8.3 اور راجندرا نگر میں 9.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سدی پیٹ ضلع میں سردی کی شدت بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ تین روز سے چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں سے نہ صرف لوگ بلکہ جانور بھی کانپ رہے ہیں۔ سدی پیٹ اربن منڈل میں لوگ آگ تاپتے نظر آئے ہیں۔ سردی کی وجہ سے کتے بھی آگ کے قریب بیٹھ کر خود کو گرم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ (ش)
