حیدرآباد اور اطراف میٹرو ٹرین پراجکٹس پر عاجلانہ عمل آوری کی ہدایت

   

کے ٹی آر کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس ، پرانے شہر میں پراجکٹ کی تعمیر کے آغاز کا جائزہ
حیدرآباد ۔10۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد اور اس کے اطراف میٹرو ریل کے توسیعی پراجکٹ پر تیزی سے عمل آوری کو یقینی بنائے۔ کے ٹی آر نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میٹرو ٹرین کے توسیعی منصوبہ پر عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے ، اس پر تیزی سے عمل آوری عہدیداروں کا ذمہ ہے ۔ میٹرو ریل ماسٹر پلان ، ایرپورٹ میٹرو پراجکٹ اور دیگر توسیعی منصوبہ کا میٹرو ریل بھون میں جائزہ لے کر کے ٹی آر نے ایرپورٹ میٹرو ایکسپریس وے کی تیزی سے عمل آوری کی ہدایت دی۔ انہوں نے پراجکٹ کیلئے درکار 48 ایکر اراضی حوالے کرنے کی جی ایم آر عہدیداروں کو ہدایت دی تاکہ میٹرو ڈپو قائم کیا جائے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں آبادی و ٹریفک میں اضافہ کے پیش نظر مستقبل میں میٹرو ٹرین کی توسیع کی ضرورت رہے گی۔ کے ٹی آر نے توسیعی پراجکٹ پر عمل سے قبل موجودہ ٹرینوں میں کوچیس کے اضافہ کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو مستحکم بناکر حیدرآباد میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے توسیعی منصوبہ پر عمل آوری کیلئے سروے اور دیگر کاموں کی ہدایت دی۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کریں۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ پراجکٹ کی تکمیل کیلئے درکار فنڈس اور ان کے حصول کے ذرائع کا تعین کریں۔ کے ٹی آر نے میٹرو اسٹیشنوں کیلئے اراضیات کے حصول کی نشاندہی کا مشورہ دیا ۔ حیدرآباد ، میڑچل اور سنگا ریڈی ضلع کلکٹرس کو میٹرو پراجکٹ کیلئے ضروری اراضی کے الاٹمنٹ کی ہدایت دی گئی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے اطراف میٹرو ریل کو توسیع دی جائے گی۔ حکومت نے 60,000 کروڑ سے میٹرو ریل کا توسیعی منصوبہ تیار کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے حال ہی میں رائے درگ سے ایرپورٹ تک 31 کیلو میٹر توسیعی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ ٹنڈر کو قطعیت دینے کا کام آخری مراحل میں ہے۔ جوبلی بس اسٹانڈ سے توم کنٹہ تک ڈبل ڈیکر میٹرو پراجکٹ کی تجویز ہے جس کا فیصلہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ پیاٹنی سے آؤٹر رنگ روڈ تک میٹرو لائین کی توسیع عمل میں آئے گی۔ شہر کے اطراف اضلاع تک میٹرو ٹرین کو مربوط کرنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے ۔ شمس آباد ایرپورٹ سے شاد نگر کو میٹرو سے مربوط کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو پراجکٹ کے کاموں کا جلد آغاز کیا جائے۔ آؤٹر رنگ روڈ کے اطراف 159 کیلو میٹر تک میٹرو لائین میں توسیع کی جائے گی۔ ایرپورٹ سے فارما سٹی کو مربوط کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے میٹرو کے تمام پراجکٹس پر عمل آوری کا ایکشن پلان تیار کرنے ہدایت دی۔