حیدرآباد اور بنگلور شہروں کے رہائشی جائیدادوں کی قیمت میں اضافہ

   

فرینک نائٹ کمپنی کے سروے میں انکشاف ، رئیل اسٹیٹ تاجرین سروے سے عدم مطمئن
حیدرآباد۔ ملک میں رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ صرف دو شہرو ںمیں ریکارڈ کیا گیا ہے جن میں شہر حیدرآباد اور بنگلورو شامل ہیں۔ شہر حیدرآباد میں رہائشی جائیدادو ںکی قیمت میں اضافہ کئے سلسلہ میں ایک رپورٹ میں اس بات کا دعوی کیا گیا ہے کہ سال گذشتہ کی بہ نسبت اگر شہر حیدرآباد کی جائیدادو ںکی قیمتوں میں اضافہ کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئی ہے کہ سال گذشتہ کی قیمتوں میں 4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ہندوستان کے 8 بڑے شہروں میں کئے گئے سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ان 8شہروں میں محض بنگلورو اور حیدرآباد ایسے شہر ہیں جن میں رہائشی جائیدادوں کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ کے اواخر میں جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا تھا کہ شہرحیدرآباد میں تیسرے سہ ماہی کے دوران رہائشی جائیدادوں کی فروخت میں 74 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں رہائشی جائیدادوں کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ رئیل اسٹیٹ شعبہ میں تجارت کرنے والے تاجرین کا کہنا ہے کہ کئی ایک سرکردہ کمپنیوں کی جانب سے کئے جانے والے سروے میں اس بات کے دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن عملی اعتبار سے دیکھا جائے تو لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والے معاشی بحران کے منفی اثرات رئیل اسٹیٹ شعبہ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔ فرینک نائٹ نامی کمپنی جو کہ ہندوستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں رئیل اسٹیٹ کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سہ ماہی رپورٹ جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد میں رہائشی جائیدادوں کی قیمت میں 4 فیصد کا اضافہ جبکہ بنگلورو میں موجود رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں 3 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں تیسرے سہ ماہی میں جائیدادوں کی فروخت کے سلسلہ میں حیدرآباد کو سرفہرست قرار دیاگیا ہے جبکہ رئیل اسٹیٹ تاجرین کا کہنا ہے کہ جن جائیدادوں کی معاملتیں لاک ڈاؤن سے قبل ہوچکی تھیں اور بیعانہ ادا کیا جاچکا تھا ان جائیدادوں کی منتقلی اور رجسٹری کے سبب سال 2020کے سہ ماہی کے دوران جائیدادوں کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ شعبہ سے وابستہ افراد اور تاجرین کا کہناہے کہ بازار میں ریکارڈ کی جانے والی مندی کے باوجود شہر حیدرآباد میں دیگر شہروں کے بہ نسبت جائیدادوں کی قیمتیں کم ہونے کے سبب فروخت میں کچھ حد تک اضافہ ریکارڈ کیاجا رہاہے ۔