l کینیا کی خاتون، صومالیہ کا نوجوان اور ایک 7 سالہ لڑکا شامل l علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل l رابطہ میں آنے والوں کے طبی معائنہ کے اقدامات
حیدرآباد۔15ڈسمبر(سیاست نیوز) کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون حیدرآباد پہنچ چکا ہے اور اومی کرون کے متاثرین سے رابطہ میں آنے والوں کے معائنہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچنے والے تین مسافرین کو اومی کرون وائرس کی توثیق کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے چوکسی اختیار کرتے ہوئے مسافرین سے گذشتہ دو یوم کے دوران رابطہ میں آنے والوں کی معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ جن تین مسافرین کو اومی کرون کی توثیق ہوئی ہے ان میں ایک 7سالہ لڑکاٹرانزٹ مسافرتھا جو کہ ابو ظہبی سے حیدرآباد پہنچا تھااور مغربی بنگال کولکتہ کے لئے روانہ ہوگیا ہے اس کے معائنہ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد کولکتہ انتظامیہ کو مطلع کردیا گیا ہے جبکہ کینیا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ خاتون کے علاوہ 23 سالہ صومالی نوجوان کو کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی توثیق ہوئی ہے اور 24 سالہ کینیائی خاتون کو قرنطینہ کیلئے تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس روانہ کیا گیا ہے اور وہ وہیں زیر علاج ہے جبکہ 23 سالہ صومالی نوجوان جو کہ شارجہ سے حیدرآباد پہنچا تھا اس نوجوان کو ٹولی چوکی کے علاقہ پیراماؤنٹ کالونی سے پولیس کی مدد سے حراست میں لیتے ہوئے تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس منتقل کیا جاچکا ہے۔ ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بات بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ مغربی بنگال کو 7 سالہ متاثر کی تفصیلات بھی روانہ کردی گئی ہیں۔ متاثرہ شخص سے رابطہ میں آنے والوں کے علاوہ مقامی عوام کے معائنوں کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے۔محکمہ صحت کے عہدیداروں کی نگرانی میں بلدیہ کی جانب سے پیراماؤنٹ کالونی میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا اور سینیٹائیز کرنے کا عمل مکمل کیا گیا ۔جی ایچ ایم سی کے عملہ نے بتایا کہ اومی کرون کے متاثر شخص کے پائے جانے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس نہ ہو اور دیگرشہری محفوظ رہیں اس کیلئے فوری طور پر صفائی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ٹولی چوکی میں رہنے والے تمام غیر ملکی شہریوں کے کورونا معائنوں کے علاوہ ان کے اومی کرون جینوم کی جانچ کی جائے گی۔ محکمہ صحت نے چوکسی اختیار کی اور تمام سرکاری دواخانوں کے علاوہ ریاست کے ان اضلاع میں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے مثبت مریضوں کے جینوم کی جانچ کافیصلہ کیا ہے ۔ ائیر پورٹ پر تمام مسافرین کے معائنوں اور ان کی رپورٹ نیگیٹیو آنے کے بعد ہی انہیں باہر نکلنے کی اجازت دینے پر غور کیا جا رہا ہے فی الحال متاثرہ اومی کرون سے متاثرہ ممالک سے حیدرآباد پہنچنے والے متاثرین کو ہی لازمی طور پر معائنہ کی رپورٹ کے بعد باہر نکلنے کی اجازت دی جا رہی تھی ۔م