حیدرآباد تا بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس ٹرین ریلویز کے اقدامات

   

حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کو وشاکھا پٹنم اور تروپتی سے مربوط کرتے ہوئے چلائی جارہی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینس کی شاندار کامیابی سے حوصلہ پا کر ، انڈین ریلویز کی جانب سے اب حیدرآباد تا بنگلورو ایک اور تیز رفتار ٹرین شروع کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جس کا آغاز اس ماہ کے آواخر میں ہوگا اور توقع ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ورچول موڈ میں اس ٹرین کا افتتاح کریں گے ۔ یہ مجوزہ ٹرین کاچی گوڑہ اور یشونت پور کے درمیان چلائی جائے گی جس سے جنوبی ریجن میں دو اہم آئی ٹی شہروں کے درمیان سفر کے وقت میں کافی کمی ہوگی ۔ فی الوقت حیدرآباد سے بنگلورو کے سفر کے لیے سوپر فاسٹ ایکسپریس ٹرینس میں تقریباً 10 تا 12 گھنٹے کا وقت ہوتا ہے ، تاہم نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو شروع کرنے سے سفر کا وقت کم ہو کر 8 گھنٹے 30 منٹ ہوگا ۔ ایک ریلیز میں یہ بات کہی گئی ۔ دستیاب انفارمیشن کے مطابق یہ ٹرین کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن سے صبح 6 بجے روانہ ہوگی اور 2-30 بجے دن تک یشونت پور پہنچے گی ۔ واپسی میں یشونت پور سے سہ پہر 3 بجے روانہ ہوگی اور رات 11-30 بجے تک کاچی گوڑہ پہنچے گی ۔۔