حیدرآباد سے دبئی ، رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے بھی مواقع

   

حیدرآباد ۔ 8جنوری ( سیاست نیوز) کسی بھی تجارت میں سرمایہ کاری اور اس کی حفاظت کی ضمانت کافی اہم ہوتی ہے اور ہر سرمایہ کار کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی زندگی بھر کی کمائی ایسی تجارت میں مشغول کرے جو کہ تیزی کے ساتھ ترقی کرنے کے علاوہ اصل سرمایہ کاری کی رقم کو نقصان سے بھی بچائے ۔ لہذا جائیداد کی خرید و فروخت کو اس وقت سرمایہ کاری کیلئے بہتر فیصلہ تصور کیا جارہا ہے ۔ رئیل اسٹیٹ کی مارکٹ عالمی سطح پر کئی مقامات پر نشیب و فراز کے ثبوت دیتی ہے جس میں ہندوستان کے چند بڑے شہروں جن میں حیدرآباد بھی شامل ہے کو رئیل اسٹیٹ میں اہم مقام حاصل ہے جبکہ عالمی سطح پر دبئی کو رئیل اسٹیٹ کی مارکٹ میں اس وقت اولیت حاصل ہے ۔ دنوپ گروپ کے چیرمین رضوان سجن نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ دبئی اس وقت خلیجی ممالک اور ایشیائی سرمایہ کاری کیلئے یہ علاقہ نیویارک مانا جارہا ہے چونکہ سرمایہ کاروں کی اس وقت پہلی پسند ترقی پذیر معیشت ہے اور دبئی مستقبل کا ایک ایسا مرکز ہے جو کہ خلیجی ، ایشیائی اور مغربی ممالک کے درمیان تجارت کیلئے رابطے مستحکم کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے چند اہم اور بڑے شہروں کے مقامات جیسے حیدرآباد ، ممبئی ( اندھیری ، باندرا ) کے برعکس دبئی کے چند مقامات میں رئیل اسٹیٹ کی قیمت کافی کم ہیں ۔ اس رپورٹ سے یہ امکانات پیدا ہوتے ہیں کہ حیدرآبادی عوام کیلئے دبئی میں رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار ہوں گی ۔