خدمات کو مزید بہتر بنانے وی ایف ایس کے اقدامات
حیدرآباد۔29۔مارچ(سیاست نیوز) حیدرآباد سے مختلف ممالک کے لئے ویزا کے حصول کے لئے درخواستیں داخل کرنے والوں کی تعداد ماقبل کورونا وائرس تعداد سے تجاوز کرچکی ہے اور بیرون ملک سفر کرنے کے خواہشمند جو کہ وی ایف ایس خدمات کے حصول کے ذریعہ ویزاحاصل کرتے ہیں ان کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے خدمات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔وی ایف ایس کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ کورونا وائرس کے دور میںبیشتر ممالک کی جانب سے ویزا کی اجرائی اور درخواستوں کی وصولی پر لگائی جانے والی پابندی کے بعد درخواستوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور سال 2022 کے دوران بھی کمی کا سلسلہ جاری رہا لیکن سال 2023کے آغاز کے بعد تمام ممالک کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں کی جانب سے ویزا درخواستوں کی وصولی اور اجرائی کا عمل شروع ہونے کے بعد اب شہر حیدرآباد کے ویزادرخواست گذاروں کی تعداد کورونا وائرس سے قبل جو تعداد تھی اس کے اعتبار سے 95 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔چیف اکزیکیٹیو آفیسر وی ایف ایس مسٹر پربدھا سین نے بتایا کہ 2021کے مقابلہ میں شہر حیدرآباد سے مختلف ممالک کے ویزا کے حصول کے لئے داخل کی جانے والی درخواستوں میں 129 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انہو ںنے مزید بتایا کہ لمحۂ آخر میں ویزاکے لئے درخواست داخل کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے اور جو نیا رجحان بیرون ملک سفر کے خواہشمندوں میں دیکھا جا رہاہے وہ دنیا کے مختلف ممالک کے سفر کے متعلق غور کر رہے ہیں اور غیر منصوبہ جاتی سفر میں دلچسپی دکھائی جانے لگی ہے۔م