حیدرآباد 21 فبروری (سیاست نیوز) انڈیگو ایرلائنز نے حیدرآباد سے مدینہ منورہ کے لئے راست فلائٹ کا آغاز کیا ہے۔ جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹیڈ نے حیدرآباد سے مدینہ منورہ کے لئے انڈیگو ایرلائنز کی نئی پروازوں کا اعلان کیا۔ جی ایم آر عہدیداروں کی موجودگی میں مدینہ منورہ کو افتتاحی فلائٹ روانہ ہوئی۔ اِس موقع پر عہدیداروں اور مسافرین میں خوشی کا ماحول دیکھا گیا۔ حیدرآباد سے مدینہ منورہ فلائٹ ہفتہ میں 3 دن پیر، جمعرات اور ہفتہ کو چلائی جائے گی۔ حیدرآباد کو بین الاقوامی مسافت سے مربوط کرنے کے مقصد سے یہ فلائٹ شروع کی گئی ہے۔ حیدرآباد سے مدینہ منورہ مسافت 5 گھنٹے 47 منٹ میں طے کی جائے گی۔ جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹیڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر پردیپ پانیکر نے کہاکہ ہم مدینہ منورہ کی افتتاحی فلائٹ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ نئی فضائی روٹ سے ایرپورٹ کے بین الاقوامی رابطہ میں توسیع ہوگی اور دنیا کے ایک اہم مذہبی مقام کو روانہ ہونے والے زائرین کو سہولت ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد سے مزید بین الاقوامی مسافت کو مربوط کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مسافرین کو زائد سہولتیں حاصل ہوں۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عالمی معیار کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ حیدرآباد سے انڈیگو کی مدینہ منورہ کو راست فلائٹ سے حج اور عمرہ کے عازمین کو سہولت ہوگی۔ 1