حیدرآباد: قلب شہر معظم جاہی مارکیٹ میں ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ جس کی وجہ سے ایک آر ٹی سی بس الٹ گئی اور 7مسافرین زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ کل صبح تقریبا پانچ بجے پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق عادل آباد ڈپوکی ایک بس مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے عادل آباد جانے کیلئے 18مسافرین کو لے کر روانہ ہوئی۔ راستہ میں معظم جاہی مارکیٹ کراچی بیکری کے سامنے نامپلی کی سمت سے آنے وای ایک تیز رفتار ریت کی لاری نے بس کو ٹکر دیدی جس کی وجہ سے بس الٹ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کے بعد مسافرین مدد کے لئے چیخ وپکا ر کررہے تھے۔ وہاں موجود جام باغ کے میوہ فروش نے پولیس کو اطلاع دیدی۔ بیگم بازار پولیس موقع حادثہ پر پہنچ گئی اور بس میں پھنسے مسافرین کو باہر نکالا۔ اس حادثہ میں 7مسافرین زخمی ہوئے انہیں دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے لاری ڈرائیور نریش کوگرفتار کرلیا اور لاری کو ضبط کرلیا۔