حیدرآباد: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) کی جانب سے ملین مارچ نکالا جارہا ہے۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔ اس ملین مارچ میں یونیورسٹیوں کے طلبہ، سافٹ ویر ملازمین، اسکولی طلبہ، اساتذہ، ڈاکٹرس، وکلاء اور شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرنے کی توقع ہے۔ ملین مارچ کے پیش نظر کئی تعلیمی اداروں کو تعطیل دیدی گئی ہے۔ ملین مارچ دھرنا چوک، اندرا پارک واقع ٹینک بنڈ پر منعقد ہونے والا ہے۔
بعض تعلیمی اداروں کو دوپہر کے بعد سے تعطیل دی گئی۔ کئی لوگ صبح سے ہی دھرنا چوک پہنچ رہے ہیں۔ جے اے سی کے کنوینر محمد مشتاق ملک نے بتایا کہ بیرون ریاست سے بھی لوگ اس ملین مارچ میں شرکت کے لئے آرہے ہیں۔ زیادہ تر مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ اس ملین مارچ میں جوش و خروش سے شرکت کررہے ہیں۔ اس ملین مارچ کے پیش نظر پولیس زبردست بندوبست کا انتظام کیا ہے۔