حیدرآباد ۔: بھگت کے بھیس میں ایک سارق نے شہر کے مشہور ترین علاقہ عابڈس کی ایک مندر سے مورتی کے زیورات کا سرقہ کرلیا ۔ پولیس عابڈس کے بموجب کل شام 6.30 بجے ایک نامعلوم شخص بھگت کے بھیس میں گن فاؤنڈری عابڈس میں واقع درگا بھوانی مندر میں داخل ہوا اور پوجا کرنے کے بعد مورتی کا تاج لے کر وہاں سے فرار ہوگیا ۔

پولیس نے بتایا کہ مسروقہ مورتی کا تاج چاندی کا ہے اور 35 تولے وزنی ہے ۔ اتنا ہی نہیں سارق نے مندر کے ہونڈی سے 15 ہزار روپئے کا بھی سرقہ کرلیا ۔ مندر کے پجاری جب پوجا کیلئے پہونچے تو مورتی کا تاج غائب ہونے پر فوری پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر مقام واردات کا معائنہ کیا اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ دوران تحقیقات پولیس کو سی سی ٹی وی کا فوٹیج ہاتھ لگا ہے جس میں سرقہ کی مکمل حرکت کو قید کیا گیا ۔ پولیس سارق کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ۔