حیدرآباد میٹرو ریل کا 923.62 کروڑ روپئے سے 60 نئے کوچس خریدنے کا فیصلہ

   

دہلی میٹرو کارپوریشن سے گلوبل ٹنڈر 13 جنوری 2027 تک بولیاں طلب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میٹرو ریل میں مسافرین کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر انتظامیہ نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے ۔ حکام نے میٹرو سرویس کو مزید فعال اور کشادہ بنانے کے لیے 60 اضافی اسٹنڈرڈ گیج کوچس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس خریداری کے عمل کی نگرانی دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کررہی ہے ۔ جس نے بین الاقوامی سطح پر ٹنڈر نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے ۔ اس پراجکٹ کی تخمینہ لاگت 923.62 کروڑ روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ جس کے تحت 15 سال کی مدت کے لیے ڈیزائن ، سپلائی ، ٹسٹنگ ، کمیشنگ اور دیکھ بھال کے لیے عالمی بولیاں طلب کی گئی ہیں ۔ دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں 13 جنوری 2027 تک اپنی بولیاں جمع کرواسکتی ہیں ۔ تکنیکی بولیاں 14 جنوری 2027 کو کھولی جائیں گی ۔ جس کے بعد تکنیکی اور مالیاتی تشخیص کی بنیاد پر کنٹراکٹر انتخاب کیا جائے گا ۔ معاہدے کے ضوابط کے مطابق نئے کوچس کے ڈیزائن ، مینوفیکچرنگ اور سپلائی کے تمام مراحل کی مکمل تکمیل کے لیے 125 ہفتے درکار ہوں گے ۔ فی الوقت حیدرآباد میٹرو نیٹ ورک پر 57 ٹرینیں چل رہی ہیں ۔ جن میں سے ہر ٹرین 3 کوچس پر مشتمل ہے ۔ ان کے ذریعے روزانہ اوسطاً 4.5 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں ۔ خریدی جانے والی نئی 60 کوچس کی مدد سے مجموعی طور پر 10 نئی ٹرینیں چلائی جاسکیں گی ۔ ان نئی ٹرینوں میں سے ہر ایک میں 6 کوچس ہوں گے جس سے بھیڑ کے اوقات میں مسافرین کو دم گھٹنے اور ہجوم کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور سفری گنجائش میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا ۔۔ 2/m/b