عوام اور اپوزیشن کی تنقیدوں پر اضافہ شدہ کرایوں میں کمی کا فیصلہ : کے وی بی ریڈی
حیدرآباد۔ 20 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل مینجمنٹ نے ایک اہم فیصلہ کیا اور حال ہی میں اضافہ کردہ کرایوں پر نظرثانی کرتے ہوئے 10 فیصدکمی کردی۔ میٹرو ٹرین کے تین کاریڈورس میں اس فیصلے پر 24 مئی سے عمل آوری ہوگی۔ حیدرآباد میٹرو ریل نے بتایا کہ ایف ایف سی کی سفارش پر کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔ L&T میٹرو ریل حیدرآباد لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او کے وی بی ریڈی نے بتایا کہ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل ، حیدرآباد کے عوام کو ایک ذمہ دارانہ ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کررہی ہے جس میں تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں جب سے میٹرو ریل کا آغاز ہوا، پہلی مرتبہ کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے لیکن مختلف گوشوں سے کرایوں پر نظرثانی کی اپیلیں کی جارہی تھیں جس پر ہمدردانہ غور کرنے کے بعد مسافرین پر زائد بوجھ ڈالنے کے بجائے کرایوں میں کسی حد تک کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 17 مئی کو حیدرآباد میٹرو ریل نے کرایوں میں اضافہ کیا تھا۔ عوام اور اپوزیشن پارٹیوں کی تنقیدوں کے بعد اضافہ شدہ کرایوں میں 10فیصدکمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسافرین نے بتایا کہ میٹرو ٹرین مینجمنٹ کی جانب سے اضافی کرایہ سے ان پر ماہانہ ایک ہزار روپئے کا اضافہ مالی بوجھ عائد ہورہا تھا، لیکن مینجمنٹ کے 10فیصد کرایہ میں کمی کے بعد تھوڑی راحت ضرور حاصل ہوئی ہے۔واضح رہے کہ شہر میں میٹرو ٹرین سرویس 29 نومبر 2017ء سے شروع ہوئی تھی۔ 2