ٹکنیکی وجوہات کے سبب تاخیر ، تلنگانہ کی ترقی میں مرکز کا ممکنہ تعاون
حیدرآباد : 17 اگست ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ کی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور تعمیراتی کمپنیوں کو کسٹمرس کی ضروریات کو ملحوظ رکھتے ہوئے تعمیری کام انجام دینا چاہیئے ۔ کشن ریڈی آج ہائی ٹیک میں کریڈائی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ رئیل اسٹیٹ کی سرگرمیوں کے تحت یہ پروگرام منعقد کیا گیا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بلڈرس کو چاہیئے کہ وہ بین الاقوامی تبدیلیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعمیری کاموں میں اندرون ملک تیار اشیاء کا استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سودیشی اشیاء کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہونا چاہیئے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رئیل اسٹیٹ شعبہ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر بلڈرس کی جانب سے غیر معیاری تعمیرات کی شکایات موصول ہورہی ہیں ۔ حیدرآباد کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کشن ریڈی ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں انفارمیشن ٹکنالوجی اور فارما شعبے کی غیر معمولی ترقی ہوئی ہے اور رئیل اسٹیٹ کا شعبہ بھی تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور قومی شاہراہوں کی تعمیر کے ذریعہ بنیادی انفراسٹرکچر فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ورنگل میں ایئرپورٹ کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم ٹی ایس کو ایئرکنڈیشن ریل میں تبدیل کیا جائے گا ۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ ٹکنیکی وجوہات کے سبب حیدرآباد میٹرو ٹرین فیس ۔II پراجکٹ مرکز کے پاس زیرالتواء ہے اور جلد ہی اسے منظوری حاصل ہوگی ۔ سکندرآباد میں 720کروڑ کے مصارف سے ریلوے اسٹیشن کو ترقی دی جارہی ہے ۔ حیدرآباد تا وجئے واڑہ ترین فیلڈ نیشنل ہائی وے کا کام جلد ہی مکمل کیا جائے گا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں بین الاقوامی معیار کی سڑکوں کی تعمیر کو منظور دی ہے ۔ عادل آباد میں موجود ڈیفنس ایئرپورٹ کو سیول ایئرپورٹ میں تبدیل کیا جائے گا ۔ کشن ریڈی نے امید ظاہر کی کہ حیدرآباد کو میٹرو ریل مرحلہ دوم پراجکٹ کو جلد ہی منظور کیا جائے گا ۔1