G+3 طرز پر مکانات کی تعمیر کا منصوبہ، وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) وزیر مال و ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ حکومت شہری علاقوں میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ شہری علاقوں میں G+3 طرز پر مکانات کی تعمیر کی تجویز ہے تاکہ بے گھر غریب خاندانوں کو اسکیم سے استفادہ کا موقع ملے۔ اُنھوں نے کہاکہ زمین رکھنے والے بے گھر غریب خاندانوں کو مکانات کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپئے تک کی امداد دی جارہی ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم ملک میں اپنی نوعیت کی مثالی اسکیم ہے جس پر دیہی علاقوں میں عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت نے شہری علاقوں میں غریب خاندانوں کو فائدہ پہونچانے کے لئے اسکیم کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر ہاؤزنگ نے آج عہدیداروں کے ساتھ اندراماں ہاؤزنگ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ شہری علاقوں کی سلم بستیوں میں اندراماں ہاؤزنگ مکانات الاٹ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں سابق میں 42 ہزار مکانات تعمیر کئے گئے جن میں محض 19 ہزار خاندان بس رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے تازہ ترین سروے میں اِس بات کا انکشاف ہوا کہ محض 13 ہزار خاندان مکانات میں مقیم ہیں۔ کانگریس حکومت نے مضافاتی علاقوں کے بجائے شہری حدود میں غریبوں کو مکانات کی فراہمی کے لئے G+3 طرز تعمیر کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میں 16 سلم بستیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ورنگل، نظام آباد، محبوب نگر، نلگنڈہ، کریم نگر کے شہری علاقوں میں بھی اِسی طرز پر اندراماں ہاؤزنگ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ قبائیلی علاقوں کے غریبوں کو مکانات کے الاٹمنٹ میں ترجیح دی جارہی ہے اور قبائیلی طبقات کو 22 ہزار مکانات الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کی ہدایت پر بھدراچلم اور دیگر قبائیلی حلقہ جات میں غریب خاندانوں کی نشاندہی کا کام جاری ہے۔ سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ منظورہ مکانات کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیں تاکہ عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ ملک میں تلنگانہ واحد حکومت ہے جو غریبوں کو مکان کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپئے فراہم کررہی ہے۔1