معیاری انٹرنیٹ کمپنیوں کی رسائی کو روکنے پر توجہ ، بی ایس این ایل اور دیگر کمپنیوں کو تلخ تجربات
حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) شہر میں کیبل ٹی وی مافیا کے بعد اب انٹرنیٹ کیبل مافیا سرگرم ہے اور شہر کے کئی حصوں میں معیاری انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوںکی رسائی کو روکتے ہوئے مقامی کیبل نیٹ ورک سے ہی انٹرنیٹ کنکشن حاصل کرنے پر شہریوں کو مجبور کیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ معیاری کمپنیوں کے لائن ان علاقوں تک نہیں پہنچی ہے جبکہ شہر میں معیاری انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں نے فیائبر آپٹک کنکشن کا جال بچھایا ہوا ہے اور ان کی قیمتیں بھی کافی کم ہیں لیکن انٹرنیٹ کیبل مافیا چلانے والوں کی جانب سے ان کمپنیوں کو شہر کے بیشتر علاقوں میں کنکشن دینے سے روکا جا تا ہے اور اس بات کی دھمکی دی جاتی ہے کہ اگر ان کی جانب سے مخصوص علاقوں میں کنکشن فراہم کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ان کے کیبل منقطع کردئے جائیں گے۔ پرانے شہر کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں میں بھی شہریوں کو ان مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور بعض علاقوں میںنہ صرف خانگی کمپنیو ںکو کیبل اور نئے کنکشن لگانے سے روکا جا رہاہے بلکہ بی ایس این ایل جیسی سرکاری کمپنی کے اہلکاروں کو بھی نئے کنکشن دینے کے خلاف انتباہ دیا جا رہاہے جس سے اس انٹرنیٹ کیبل مافیا کی رسائی اور طاقت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں موجود ائیرٹیل‘ بیم اور ایکٹ نامی کمپنیو ںکو نئے کنکشن دینے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بی ایس این ایل کے عملہ کی جانب سے بھی اس بات کی شکایت کی جا رہی ہے کہ جب وہ نئے انٹرنیٹ کنکشن فراہم کرنے کیلئے پہنچتے ہیں انہیں بعض وقت تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہر میں جس وقت کیبل ٹی وی کی شروعات ہوئی تھی اس وقت بھی کیبل مافیا سرگرم تھا اور اب بھی کیبل مافیا کی موجودگی سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن انٹرنیٹ کیبل مافیا کی سرگرمیوں میں ہونے والے اضافہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بعض سرکاری گوشوں یا پھر حکومت پر اثر انداز ہونے والے گوشوں کی سرپرستی میں یہ مافیا سرگرم ہے کیونکہ شہری علاقوں میں اس طرح کی سرگرمیوں کے باوجود کمپنیوں کی جانب سے اختیار کردہ خاموشی اور ان سے نہ الجھنے کی پالیسی کے علاوہ سرکاری کمپنی کے عملہ کو بھی مشکلات کے باوجود اختیار کیا جانے والے رویہ سے یہی اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مافیا اس سے بھی بالاتر ہے اور اس مافیا پر کنٹرول کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے جبکہ اگر شہری خود BeamیاACTکمپنی کے علاوہ ائیر ٹیل کے انٹرنیٹ کنکشن حاصل کرنے کی کوشش اور رکاوٹ پیدا کرنے کی صورت میں پولیس سے رجوع ہونے پر انہیں یہ کنکشن حاصل ہونے لگتے ہیں اور کمپنی کی جانب سے کنکشن بھی فراہم کرنے کے انتظامات کئے جاتے ہیں ۔ ان کمپنیوں کے ذرائع کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقو ںمیں خانگی انٹرنیٹ کیبل آپریٹر اپنی من مانی چلا رہے ہیں اور نئے کنکشن فراہم کئے جانے کی صورت میں کیبل کو منقطع کردیا جاتا ہے جس کے سبب کمپنی کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اسی لئے ان خانگی کمپنیو ںکی جانب سے بھی کنکشن دینے سے اجتناب کیا جا رہاہے۔
