وزیراعظم ، چیف منسٹرس اور اہم قائدین خطاب کریں گے ، پریڈ گراونڈ پر تیاریاں
حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی عاملہ اجلاس کے بعد پریڈ گراؤنڈ میں بی جے پی کا جلسہ عام منعقد ہوگا اور اس جلسہ عام سے وزیر اعظم نریندر مودی‘ صدر قومی بی جے پی جے پی نڈا‘ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ اور چیف منسٹر آسام ہیمنت کمار بسوا مخاطب کریں گے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق قومی بھارتیہ جنتاپارٹی قائدین نے گذشتہ یوم پریڈ گراؤنڈ کا دورہ کرتے ہوئے اس جگہ کو قطعیت دے دی ہے اور بتایاجاتا ہے کہ اس جلسہ عام سے مخاطب کرنے والوں کے ناموں کو بھی قومی عاملہ کے ذمہ داروں کی جانب سے قطعیت دی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی 3جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ عام کے انعقاد کو قطعیت دے دی ہے اور کہاجا رہا ہے کہ ریاست کے تمام اضلاع سے اس جلسہ میں شرکت کے لئے پارٹی کارکنوں اور عوام کو شہرے پہنچانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کی قومی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے تمام چیف منسٹرس‘ مرکزی وزراء کے علاوہ دیگر قائدین بھی یکم جولائی تا 4جون شہر حیدرآباد میں قیام کرنے والے ہیں اور 3 جولائی کو منعقد ہونے والے جلسہ عام سے نریندر مودی کے خطاب کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے ان چیف منسٹر س اور قائدین کو خطاب کا موقع دیا جائے گا جو قومی سطح پر شہرت رکھتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائدین نے پریڈ گراؤنڈ کے دورہ کے دوران پارکنگ ‘ اسٹیج‘ سامعین اورجلسہ میں شرکت کے لئے پہنچنے والوں کے لئے مختلف راستوں کی تیاری کے امور کا بھی جائزہ لیا۔ پارٹی قائدین نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد اور ان کے جلسہ میں پہنچنے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کئے جانے کے الزامات کا بھی جائزہ لیا اور مختلف اضلاع سے پریڈ گراؤنڈ پہنچنے والی شاہراہوں کی تفصیلات بھی حاصل کی ہیں تاکہ تمام شاہراہوں پر کسی بھی طرح کی رکاوٹوں کی صورت میں بروقت انہیں ہٹانے کے اقداما ت کئے جاسکیں ۔بی جے پی قائدین نے اس جلسۂ عام میں 10لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔م