اپریل۔ جون 2021ء کے دوران لانچیس، سیلس اور سالانہ قیمت میں اضافہ کیلئے حیدرآباد ملک میں واحد شہر
حیدرآباد : 10 جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں رہائشی مکانات کی فروخت میں کوویڈ وباء کی دوسری لہر کے باوجود اضافہ ہورہا ہے اور اس شعبہ میں مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے۔ 2021ء کے دوسرا سہ ماہی (اپریل۔ جون) میں 2,429 یونٹس فروخت ہوئے، اس طرح اس کی مانگ میں سالانہ 121 فیصد کا اضافہ ہوا۔ حیدرآباد ہندوستان میں واحد شہر ہے جو لانچس، سیلس اور قیمت میں اضافہ کے معاملہ میں سالانہ، سہ ماہی اضافہ کا ریکارڈ رکھتا ہے۔ پراپ ٹائیگر ریسرچ کے مطابق شہر میں جائیدادوں کی اوسط سالانہ قدریں دوسرے سہ ماہی میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اس میں اب حیدرآباد زیرتعمیر جائیدادوں کی فی مربع فیٹ قیمت کیلئے سب سے زیادہ اوسط قیمت کی مارکٹ ہے۔ مانی رنگاراجن، گروپ سی او او، پراپ ٹائیگر ڈاٹ کام نے بتایا کہ حیدرآباد ملک میں ایک بہترین کمرشل مارکٹ ہے جو بنگلورو کے مساوی ہے اور یہ مارکٹ، دہلی۔ این سی آر مارکٹ سے بھی آگے ہوگئی ہے۔ یہاں آئی ٹی اور فارماسیکٹرس شہر کی معاشی ترقی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ نئے رہائشی مکانات کے لانچیس اور فروخت مثبت رجحان کے ہیں۔ حیدرآباد کی معیاری زندگی کے باعث یہ شہر ایک ٹاپ ریسیڈنشیل مارکٹ بن رہا ہے اور اس مانگ میں مزید اضافہ ہوگا۔ سرمایہ کاروں کیلئے یہ ایک ترجیحی مارکٹ رہے گی۔ حیدرآباد میں جملہ 8,811 نئے یونٹس لانچ کئے گئے جو نیو لانچ نمبرس میں 16 فیصد متواتر اضافہ ہے۔ ایک سالانہ تقابل سے ظاہر ہوتا ہیکہ نیو سپلائی 2020ء کے اپریل۔ جون مدت کے مقابل چار گنا رہی۔ اس سال لانچ کئے گئے 51 فیصد سے زائد نئے یونٹس کی قیمت 75 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ حیدرآباد میں رہائشی جائیداد کی اوسط قیمت 5,790 روپئے فی مربع فیٹ میں سالانہ پانچ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جو ہندوستان میں کسی بھی شہر کے مقابل سب سے زیادہ اضافہ ہے۔