حیدرآباد میں زمین اور آسمان کے درمیان چلنا۔ چائے کافی اسناکس سے لطف اندوز ہونا ممکن

   

پہلا اسکائی واک مہدی پٹنم میں عوام کو دستیاب ہوگا جہاں شاپنگ کی بھی سہولت رہے گی۔ ایچ ایم ڈی اے کے اقدامات

حیدرآباد ۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں عوام کو زمین اور آسمان کے درمیان چلنے کا موقع فراہم کرنے وہی چائے، کافی اور اسناکس سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ شاپنگ کرنے کے بھی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ قارئین سونچ رہے ہوں گے کہ یہ کیسے ممکن ہے۔ بالکل ممکن ہے۔ حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اسکائی واکس تعمیر کررہے ہیں جہاں پر ہی شاپنگ سنٹرس عوام کو دستیاب ہوں گے۔ اس طرح کا پہلا تفریحی مقام مہدی پٹنم کے اسکائی واک پر قائم کرنے کا ایچ ایم ڈی اے نے منصوبہ تیار کیا ہے۔ یہ مراکز چھوٹے چھوٹے کیوسکس کی شکل میں ہوں گے جو خاص طور پر اسکائی واک پر پیدل چلنے والوں کیلئے پرکشش ہوں گے جہاں چائے، کافی، اسناکس کے علاوہ محدود جگہ میں شاپنگ سنٹرس بھی قائم ہوں گے۔ ایچ ایم ڈی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ شہر میں اسکائی واک کو خوشگوار بنانے کیلئے ایسے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مہدی پٹنم کے ایک برج پر فی الحال اسکائی واک تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس کے اطراف تقریباً 20 ہزار مربع فیٹ جگہ دستیاب ہورہی ہے۔ جملہ 350 میٹر طویل اسکائی واک تعمیر کی جارہی ہے جس پر 28 کروڑ روپئے کے مصارف ہیں۔ مسافروں کو چاروں طرف سے چلتے ہوئے روانہ ہونے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ایک اندازہ لگایا جارہا ہیکہ دن بھر میں 10 لاکھ افراد اس اسکائی واک کا استعمال کریں گے۔ مسافروں کو راغب کرنے کیلئے ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے شاپنگ سنٹرس قائم کرنے کی بھی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ خانگی تجارتی اداروں کو یہ اراضی کرایہ پر دینے کی وجہ ایچ ایم ڈی اے کو اضافی آمدنی حاصل ہوگی۔ دوسری طرف پیدل چلنے والوں کو سہولیات فراہم ہوگی۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ اسکائی واک صرف ان دوکانات کیلئے موزوں ہے جو کم جگہ پر قائم کی جاسکتی ہیں۔ ہمیشہ گاڑیوں کی آمدورفت کی وجہ سے مسافروں کی بھیڑ رہنے والے اپل برج پر اسکائی واک تعمیرات کے کام تیزی سے جاری ہے۔ تقریباً 650 میٹر کی لمبائی پر 34 کروڑ روپئے کے مصارف سے اس کو تعمیر کیا جارہا ہے۔ میٹرو ریل سے اترنے والے مسافر کسی بھی سمت جانا چاہتے ہیں تو وہ اسکائی واک سے گذر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی سٹی بسوں کے علاوہ دوردراز علاقوں کی بسوں سے پہنچنے والے مسافرین کیلئے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنے پر اسکالئی واک مددگار ثابت ہوگا۔ حکام نے بتایا کہ ستمبر تک اس کی عوام کو خدمات دستیاب ہوجائے گی۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے زیادہ بھیڑبھار والے علاقے امیرپیٹ، کوٹھی، ایل بی نگر اور سکندرآباد کے علاوہ دوسرے مقامات پر اسکائی واکس قائم کرنے کا حکومت جائزہ لے رہی ہے۔ن