حیدرآباد میں سردی کی لہر، راجندرنگر میں درجہ حرارت 15ڈگری

   

حیدرآباد 17جنوری(یواین آئی)شہرحیدرآباد میں سردی کی لہر میں اضافہ کاسلسلہ جاری ہے ۔شہر کے نواحی علاقوں میں سردی کے ساتھ ساتھ کہر بھی دیکھی جارہی ہے جس سے گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑرہا ہے ۔کہر کے سبب ورنگل۔حیدرآباد قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت میں مشکلات ہوئیں اور گاڑی سوار اپنی گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کھولتے ہوئے گاڑی چلانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد،منچریال، نرمل،یادادری بھونگیر، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری، وقارآباداور سنگاریڈی میں کہر کی صورتحال برقراررہے گی۔محکمہ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ آئندہ سات دنوں کے دوران ریاست میں موسم کے خشک ہونے کا امکان ہے ۔اقل ترین درجہ حرارت 15ڈگری سلسیس راجندرنگر میں درج کیاگیا جبکہ شہر میں دن کے اوقات میں گرمی محسوس کی جارہی ہے۔