حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت جلد سنچری مکمل کرے گی

   

فی لیٹر 99.90 روپئے فروخت۔ ڈیزل فی لیٹر 94.82 روپئے
حیدرآباد۔ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح حیدرآباد میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اتوار کے دن حیدرآباد میں پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا جو جون کے دوران ساتواں اضافہ ہے۔ شہر میں پٹرول فی لیٹر 99.90 روپئے جبکہ ڈیزل 94.82 روپئے فروخت کیا جارہا ہے۔ پٹرول کی قیمت حیدرآباد میں کسی بھی وقت سنچری مکمل کرسکتی ہے۔ یکم جون کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر علی الترتیب 98.10 روپئے اور 92.98 روپئے تھی۔ فیول کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ سے اضافہ کا رجحان ہے اور ماہ مئی میں 15 مرتبہ اضافہ ہوا۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع بشمول نظام آباد، کھمم اور سدی پیٹ میں 9 جون کو پٹرول کی قیمتیں 100 روپئے سے تجاوز کرچکی ہیں۔ جوائنٹ سکریٹری کنسورشیم آف انڈین پٹرولیم ڈیلرس راجو امرم نے کہاکہ آنے والے ہفتوں میں پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ یکم جون کو ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی بنیادی قیمت 35.63 روپئے اور 38.16 روپئے تھی۔ ایکسائیز ڈیوٹی، ڈیلر کمیشن، ویاٹ اور دیگر ٹیکسیس کے نتیجہ میں قیمت فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ پٹرول کی قیمت ریاستوں میں مقامی ٹیکسیس اور ویاٹ کی بنیاد پر مختلف ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں بشمول مہاراشٹرا، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں پٹرول کی قیمت 100 روپئے سے تجاوز کرچکی ہے۔