حیدرآباد میں کورونا کے 30 فیصد مریضوں کا تعلق دیگر ریاستوں سے

   

مہاراشٹرا ، کرناٹک اور چھتیس گڑھ کے مریض حیدرآباد کے دواخانوں میں
حیدرآباد: تلنگانہ کے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا سے متاثرہ زیر علاج 30 فیصد مریضوں کا تعلق مہاراشٹرا ، کرناٹک ، چھتیس گڑھ اور دیگر ریاستوں سے ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ حکومت نے ابتداء میں دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا ۔ تاہم بعد میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کی اجازت دی گئی ہے۔ دواخانوں میں آکسیجن سلینڈرس کی قلت کے بارے میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ مرکزی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آکسیجن کی فراہمی کیلئے عہدیداروں کو اپنے طور پر فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے۔ پڑوسی ریاستوں میں کورونا کیسیس میں اضافہ کے بعد مریض بہتر علاج کیلئے حیدرآباد کا رخ کر رہے ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد اور عادل آباد میں بھی پڑوسی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔