حیدرآباد میں 10 روزہ ہُنر ہاٹ کا اختتام

   

8 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت، مختلف اسٹالس توجہ کا مرکز
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزارت اقلیتی اُمور کے زیر اہتمام این ٹی آر اسٹیڈیم میں منعقدہ ہُنر ہاٹ اختتام کو پہنچا۔ 25 فروری سے اس کا آغاز ہوا تھا جس میں ملک بھر کے کاریگروں اور دستکاروں نے اپنے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا تھا۔ 8 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد نے ہُنر ہاٹ کا دورہ کرکے مختلف اسٹالس سے لاکھوں روپئے کی خریداری کی ۔ کئی علاقوں سے آن لائن آرڈرس موصول ہوئے ۔ 10 روزہ پروگرام میں مقامی عوام اور حکام کا تعاون رہا۔ روزانہ مختلف تہذیبی پروگرام منعقد کئے گئے جو عوام کیلئے پسندیدہ رہے۔ 23 ریاستوں اور مرکزی زیر اہتمام علاقوں کے 700 سے زائد دستکاروں اور فنکاروں نے 300 اسٹالس لگائے تھے۔ 250 اسٹالس کرافٹ اشیاکے تھے جبکہ 50 اسٹالس مختلف غذاؤں و پکوانوں کے تھے۔ ہُنر ہاٹ میں فوڈ کورٹ کے ذریعہ ملک کے مختلف علاقوں کے روایتی پکوان فراہم کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ غذائی اشیاء کا کاروبار ایک کروڑ سے زائد کا رہا۔ ہُنر ہاٹ منتظمین کے مطابق روزانہ مختلف تہذیبی پروگرام منعقد کئے گئے جن میں غزل، سنگیت اور روایتی ہندوستانی موسیقی کے پروگرام شامل ہیں جن میں ملک کے نامور فنکاروں نے حصہ لیا۔ ہُنر ہاٹ میں عوام کیلئے داخلہ مفت تھا۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی و مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ہمراہ ہُنر ہاٹ کا افتتاح کیا تھا۔ر