حیدرآباد میں 259 بستی دواخانے ، عنقریب مزید 91دواخانوں کا قیام

   

غریبوں کو عصری علاج کی مفت سہولت ، ادویات کی مفت تقسیم ، اسمبلی میں وزیر صحت ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔14۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں عوام کی طبی ضروریات کی تکمیل کیلئے بستی دواخانے قائم کئے گئے۔ اسمبلی میں بستی دواخانوں سے متعلق ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے بتایا کہ ابھی تک 259 بستی دواخانے قائم کئے گئے ہیں اور عنقریب مزید 91 کا اضافہ کیا جائے گا ۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان نے دیہی علاقوں میں بستی دواخانوں کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ بستی دواخانوں میں او پی ڈی ، ٹیلی کنسلٹیشن ، بیسک لیاب ڈائگناسس، مفت دوائیں اور دیگر طبی سہولتیں دستیاب ہے۔ مریضوں کے خون ، بی پی ، بلڈ شوگر اور دیگر معائنے انجام دیئے جارہے ہیں۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ ریاست کے دیگر بڑے شہروں میں بستی دواخانوں کے قیام کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں موجود غریب خاندانوں کو مفت بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حیدرآباد میں بستی دواخانوں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ 15 ویں فینانس کمیشن نے بستی دواخانوں کے قیام کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ادارہ کی جانب سے بستی دواخانوں کی ستائش کرنا ہم تمام کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی دواخانوں میں عوام کو بھاری اخراجات ادا کرنے پڑ رہے ہیں ، لہذا بستی دواخانوں کے ذریعہ مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ۔ بہت جلد حیدرآباد کے اطراف واقع میونسپلٹیز میں بستی دواخانوں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں ابھی تک 81 لاکھ افراد کو بستی دواخانوں سے طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ سوپر اسپیشالیٹی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ دواخانوں پر ہر ماہ 75 ہزار روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ایک ڈاکٹر ، اسٹاف نرس اور ہیلپر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ صبح 9 تا شام 4 بجے بستی دواخانے کارکرد رہتے ہیں۔ مریضوں کو مہنگی دوائیں مفت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بستی دواخانوں میں دیئے جانے والے خون کے نمونوں کے معائنہ کیلئے تلنگانہ ڈائگناسٹک سنٹر سے رجوع کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد شہر کے لئے بھی بستی دواخانوں کی منظوری دی جائے گی ۔ انہوں نے ورنگل کے ارکان اسمبلی کو ورنگل ضلع کے شہری علاقوں میں بستی دواخانوں کے قیام کا تیقن دیا۔ ر