حیدرآباد کا دوسرا طویل فلائی اوور ڈسمبر تک مکمل ہوجائے گا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔16 ۔اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میں پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس وے کے بعد دوسرا طویل فلائی اوور توقع ہے کہ جاریہ سال کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا۔ شیخ پیٹ کے علاقہ میں اسٹریٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پلانٹ کے تحت فلائی اوور کی تعمیر کا کام جاری ہے جو 2.8 کیلو میٹر پر محیط ہے۔ ریاستی حکومت کے ایس آر ڈی پی پراجکٹ کے تحت 333.55 کروڑ کے مصارف سے تعمیر کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔ فلائی اوور کی تعمیر سے علاقہ میں ٹریفک کے دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق فلائی اوور 2.8 کیلو میٹر طویل اور چوڑائی میں 24 میٹر رہے گا۔ فلائی اوور پر 6 لائین روڈ تعمیر کی جارہی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پراجکٹ کی تکمیل کی جارہی ہے اور ابھی تک 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ عہدیداروں کو یقین ہے کہ ڈسمبر تک پراجکٹ مکمل ہوجائے گا ۔ فلائی اوور ٹولی چوکی قریب گیلاکسی تھیٹر سے شروع ہوگا اور عثمانیہ یونیورسٹی کالونی ، شیخ پیٹ اور وسپر ویلی سے گزرتے ہوئے ملکم چیروو پر ختم ہوگا ۔ علاقہ میں مصروف ترین اوقات میں ٹریفک جام کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فلائی اوور تعمیر کیا جارہا ہے۔ مہدی پٹنم تا گچی باؤلی اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے سرکاری و خانگی ملازمین خاص طور پر آئی ٹی راہداری کے ملازمین کو فائدہ ہوگا ۔ فلائی اوور کے آغاز کے بعد عوام کو فلم نگر ، گنبدان قطب شاہی ، وسپر ویلی اور عثمانیہ یونیورسٹی کالونی جنکشن سے نجات ملے گی ۔ عام طور پر ان جنکشنوں پر ٹریفک کے نتیجہ میں آئی ٹی شعبہ کے ملازمین کو دشواریوں کا سامنا تھا ۔ ٹریفک پولیس روزانہ گھنٹوں ٹریفک کی بحالی میں مصروف رہتی ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن مدت کے دوران فلائی اوور کے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کی گئی ۔