حیدرآباد(تلنگانہ): کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کیلئے ایک نیا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ ان کے گھر والے انہیں دوبارہ گھر لیجانے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے مریضوں کو 10 تا15 دن اسپتالوں میں علاج کے بعد صحت یاب ہونے کے بعد ان کے گھر والے انہیں دوبارہ گھر لیجانے سے انکار کررہے ہیں۔ انہیں اس بات کا خوف ہے کہ کہیں اس وائرس کے علامات دوبارہ ظاہر نہ ہوجائیں اور گھر کے دیگر افراد بھی متاثر نہ ہوجائیں۔ انگریزی نیوز ویب سائٹ ٹائمس ناؤ کی خبر کے مطابق شہر کے گاندھی ہاسپٹل میں 50 مریض کوویڈ۔19 سے صحت یاب ہوگئے ہیں اور ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوجانے کے قابل ہوگئے ہیں لیکن ان کے رشتہ دار انہیں دوبارہ گھر لیجانے سے انکار کررہے ہیں۔ انہیں خوف ہے کہ کہیں یہ وائرس دوبارہ شروع نہ ہوجائیں۔
ڈاکٹر پربھاکر راؤ نوڈل آفیسر گاندھی ہاسپٹل نے بتایا کہ مذکورہ مریض پچھلے 10 تا 15 دن یہاں زیر علاج تھے۔ صحت یاب ہوجانے کے بعد انہیں ڈسچارج لکھ دینے کے باوجود ان کے گھر والے انہیں گھر لیجانے سے انکار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارے مریض بالکل صحت یاب ہوگئے ہیں۔ وائرس کی کوئی علامات ان میں نہیں پائی جارہی ہے۔صحت یاب ہوجانے پر ہم نے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی لیکن ان کے گھر والے انہیں دوبارہ گھر لیجانے سے انکار کررہے ہیں۔ ڈاکٹر راؤ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی مریض صحت یاب ہوجانے کے باوجود ہاسپٹل کے باہر گھنٹوں اپنے رشتہ داروں کے انتظار میں بیٹھے رہے۔ جب ان کے خاندان میں سے کوئی بھی انہیں نہیں لے گیا تو انہیں دوبارہ دواخانہ میں شریک کروادیا گیا اور ان کے رہنے کیلئے بیڈس کا انتظام کیا۔