شہر کو پانی سربراہ کرنے والے 6 ذخیرہ آب 90 فیصد لبریز ہوگئے
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : جاریہ سال بہتر بارش سے حیدرآباد میں آئندہ تین سال تک پینے کے پانی کی کوئی قلت نہیں رہے گی ۔ گذشتہ سال موسم گرما میں شہر کے مختلف مقامات پر کچھ حد تک پینے کے پانی کی قلت محسوس کی گئی تھی ۔ ذخیرہ آب میں توقع کے مطابق پانی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے حیدرآباد واٹر ورکس پر دباؤ بڑھ گیا تھا ۔ تاہم جاریہ موسم برسات میں شہر مضافات اور اضلاع میں توقع سے زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ جس سے گریٹر حیدرآباد کو پانی سربراہ کرنے والے ذخیرہ آب لبریز ہوگئے ہیں ۔ حیدرآباد واٹر ورکس بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ آبپاشی پراجکٹس لبریز ہونے کی وجہ سے آئندہ تین سال تک پینے کے پانی کی سربراہی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ ایک ایک کر کے تمام ذخیرہ آب اور آبپاشی پراجکٹس کی سطح آب تقریبا مکمل ہوگئی ہے جس سے آئندہ تین سال تک شہریوں کے لیے پینے کے پانی کی کوئی قلت نہیں رہے گی ۔ ایک ہفتہ سے شہر اور اس کے اطراف و اکناف موسلا دھار بارش ہورہی ہے ۔ مزید ایک ہفتہ تک بارش ہونے کی پیش قیاسی کی جارہی ہے ۔ موسلا دھار بارش سے ناگر جنا ساگر ، ایلم پلی ، سنگور ، مانجرا ، عثمان ساگر ، حمایت ساگر جیسے 6 ذخیرہ آبوں میں بھاری مقدار میں سیلاب کا پانی بہہ کر جمع ہوا ہے ۔ بالخصوص شہر حیدرآباد کو ناگرجنا ساگر سے کرشنا پراجکٹ کو تین مرحلوں میں 270 ایم جی ڈیز پانی حاصل کیا جارہا ہے ۔ ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی مکمل سطح آب 312.45 ٹی ایم سی ہے ۔ فی الحال پراجکٹ میں 305.500 ٹی ایم سی پانی دستیاب ہے ۔ گوداوری پہلے مرحلے پراجکٹ کے حصہ میں موجود ایلم پلی ذخیرہ آب سے روزانہ 166 ایم جی ڈی پانی شہر کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ ایلم پلی ذخیرہ آب کی مکمل سطح آب 20.175 ٹی ایم سی ہے ۔ فی الحال پراجکٹ میں 19 ٹی ایم سی پانی دستیاب ہے ۔ سنگور اور مانجرا پراجکٹس سے روزانہ 40 ایم جی ڈی پانی شہر کو منتقل کیا جاتا ہے ۔ سنگور پراجکٹ کی مکمل سطح آب 29.917 ٹی ایم سی ہے تاہم پراجکٹ میں فی الحال 20 ٹی ایم سی پانی موجود ہے ۔ اس طرح مانجرا پراجکٹ کی مکمل سطح آب 1.500 ٹی ایم سی ہے ۔ مگر اس میں 1.871 ٹی ایم سی پانی پہونچا ہے ۔ عثمان ساگر اور حمایت ساگر سے روزانہ 24 ایم جی ڈی پانی منتقل کیا جاتا ہے ۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 3.900 ٹی ایم سی ہے ۔ فی الحال پراجکٹ میں 3.050 ٹی ایم سی پانی موجود ہے ۔ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 2.900 ٹی ایم سی ہے ۔ پراجکٹ میں 2.318 ٹی ایم سی پانی دستیاب ہے ۔ اس طرح تمام پراجکٹس میں 90 فیصد پانی دستیاب ہے ۔۔2