حیدرآباد کو دریائے گوداوری سے پانی منتقل کرنے کیلئے دوسرے مرحلہ کو منظوری

   

5560 کروڑ روپئے مختص، دانا کشور نے جی او آر ٹی نمبر 345 جاری کردیا
حیدرآباد۔/6 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے گریٹر حیدرآباد کے پینے کے پانی کی ضروریات کو مزید بہتر بنانے کیلئے گوداوری سے پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے فیس 2 یعنی دوسرے مرحلہ کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق دانا کشور نے جی او آر ٹی نمبر 345 جاری کیا ہے۔ گوداوری کے کاموں کے دوسرے مرحلہ کیلئے 5560 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس اسکیم کے ذریعہ شہر کو اضافی پانی کی منتقلی کے ساتھ ساتھ حمایت ساگر اور عثمان ساگر ذخائر آب کی عظمت رفتہ بحال کی جائے گی۔ ہائبرڈ یونیورسٹی موڈ سسٹم کے تحت کاموں کو مکمل کیا جائے گا۔ فی الحال حیدرآباد کو پینے کے پانی کی ضروریات کیلئے تمام ذرائع سے 580 تا 600 ایم جی ڈی پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ سال 2030 تک پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے170 ایم جی ڈی اضافی پانی سربراہی کا نشانہ مختص کیا ہے۔ دریائے گوداوری سے جملہ 30 ٹی ایم سی پانی استعمال کرنے کی گنجائش ہے ۔ اضافی پانی کے حصول کیلئے گوداوری پراجکٹ فیس 2 شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سال2030 تک شہر حیدرآباد کی پینے کے پانی کی طلب بڑھ کر 750 ایم جی ڈی ہوجائے گی۔ سال 2050 تک یہ طلب بڑھ کر 1014 ایم جی ڈی ہوجائے گی یہ منصوبہ اسی کا حصہ ہے۔ گوداوری ڈرنکنگ واٹر سپلائی اسکیم فیس I کے تحت واٹر بورڈ فی الحال شہریوں کی پانی کی ضروریات کیلئے ایلم پلی پراجکٹ سے 10 ٹی ایم سی پانی منتقل کررہا ہے۔ تازہ ترین اسکیم کے دوسرے مرحلے کے ذریعہ ملنا ساگر ذخیرہ آب سے مزید 15 ٹی ایم سی پانی میں سے 10 ٹی ایم سی پانی شہریوں کے پینے کے پانی کی ضروریات کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے دو فائدے ہیں ایک تو حیدرآبادی عوام کی پیاس بجھانا دوسرا موسی ندی پراجکٹ کی ترقی کے علاوہ شہر کے جڑواں آبی ذخائر آب کی بحالی اس پراجکٹ سے متعلق ڈی پی آر کو WAPCOS نامی کمپنی نے تیار کیا ہے اس منصوبہ میں پمپ ہاوزس، سب اسٹیشنس، ملنا ساگر سے گھن پور تک بڑی پائپ لائن کی تعمیر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ گھن پور، شاہ میر پیٹ تک کے پاس 70 ایم ایل ٹیز کی گنجائش والا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (WTP) تعمیر کیا جائے گا۔ گھن پور سے متنگی تک پمپنگ مین کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دیگر کام بھی شروع کئے جائیں گے ۔ دو سال میں اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کا نشانہ مختص کیا گیا ہے۔ گوداوری ڈرنکنگ واٹر سپلائی اسکیم فیس I کے ذریعہ163 ایم جی ڈی پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ حکومت اندرون چھ ماہ شہر حیدرآباد کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ 2