حیدرآباد کو عالمی شہر کے خطوط پر ماسٹر پلان کی تیاری کا آغاز

   

آئیندہ 30 سال کی شہری ضروریات کو ملحوظ رکھتے ہوئے منصوبہ سازی : چیف سکریٹری
حیدرآباد یکم / مارچ ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کی ترقی اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر مثالی شہر بنانے کے اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق عہدیداروں نے جامع ماسٹر پلان کی تیاری کا آغاز کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ایس کے جوشی نے متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ وہ 5 مارچ سے قبل ضروری اطلاعات اور تفصیلات کو پیش کریں ۔ چیف سکریٹری نے سکریٹریٹ میں آج ایک اعلی سطح اجلاس طلب کیا اور ماسٹر پلان کے مطابق عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ۔ اس اجلاس میں پرنسپل سکریٹری ارویند کمار ، پرنسپل سکریٹری شانتی کمار میٹرو ریل کے ایم ڈی ایس وی ایس ریڈی جی ایچ ایم سی کمشنر دانا کشور و دیگر موجود تھے ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بلدی نظم و نسق کا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ذمہ داری دی ہے ۔ اس سلسلہ میں آوٹر رنگ روڈ کے اندر موجودہ شہر آوٹر رنگ روڈ کے باہر والا شہر اور مجوزہ ریجنل رنگ روڈ روڈ اور اس کے درمیان والا شہراس کے علاوہ ریجنل رنگ روڈ کے باہر مزید 5 کیلومیٹر تک توسیع شدہ علاقہ میں برقی آبرسانی سڑکوں کے ذریعہ حمل و نقل حفاظتی انتظامات امن و ضبط کھیل کود ، صحت و صفائی ، ٹریفک جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا ماسٹر پلان تیار کیا جارہا ہے جو آئندہ 30 سال کے عرصہ کو نظر انداز کیا جائے گا اور چیف منسٹر اس ماسٹر پلان کو غیر معمولی اہمیت دے رہے ہیں ۔