حیدرآباد کو مشترکہ دارالحکومت بنانے کی تجویز مضحکہ خیز: جی نرنجن

   

حیدرآباد۔/14فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حیدرآباد کو تلگو ریاستوں کے مشترکہ دارالحکومت میں مزید توسیع سے متعلق وائی ایس کانگریس پارٹی کی تجویز کی مذمت کی ہے۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن نے وائی ایس آر کانگریس لیڈر وائی وی سبا ریڈی کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہاکہ الیکشن میں فائدہ حاصل کرنے کیلئے یہ تجویز انتخابی منشور میں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں علاقوں کے عوام کو الیکشن سے قبل گمراہ کرنے کیلئے یہ تجویز رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام اور تلنگانہ کی کانگریس حکومت ہرگز تائید نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون کے تحت حیدرآباد کو صرف دس برسوں کیلئے مشترکہ دارالحکومت قرار دیا گیا تھا اور اس مدت میں دونوں ریاستوں کو اپنا دارالحکومت تعمیر کرنا تھا، یہ مدت ختم ہوچکی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 22 اکٹوبر 2015 کو آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور امراوتی میں 33 ہزار ایکر اراضی حاصل کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی کے تغلق طرز حکمرانی کے نتیجہ میں آج تک آندھرا پردیش کا مستقل دارالحکومت نہیں ہے۔ نرنجن نے کہا کہ مشترکہ دارالحکومت کی تجویز تلنگانہ عوام کو ہرگز قبول نہیں ہوگی۔1