حیدرآباد کو کچہرا سے پاک بنانے کا عزم ،اعلان تک محدود

   

متعدد مقامات پر کچہرا کا ڈھیر ، عبادت گاہوں کے قریب بھی کچرا ، وبائی امراض پھیلنے کا امکان
حیدرآباد۔16 جولائی (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کو کوڑے دان سے پاک شہر میں تبدیل کرنے کی ناکام کوشش نے شہر حیدرآباد کے گلی ‘کوچوں‘ محلہ اور کالونیوں کوکوڑے دان میں تبدیل کردیا ہے اور مختلف مقامات پر شہریوں کی جانب سے کچہرے نہ پھینکنے کیلئے مختلف طریقوں سے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کوڑے دان ہٹائے جانے کے مسائل کے سبب پریشان حال شہری جنہیں صفائی کا قطعی احساس نہیں ہے وہ ایسے مقامات پر کچہراڈالنے لگے ہیں جس کی وجہ سے مساجد‘ درگاہوں ‘ قبرستان کی حرمت پامال ہونے لگی ہے ۔ پرانے شہر میں سرکاری دفاتر کی دیواروں‘ درگاہوں ‘ قبرستانوں اور مساجد کی دیواروں کے قریب کچہرا پھینکے جانے کے سبب ان علاقوں میں بدبو و تعفن پھیل رہا ہے اور غیر ذمہ دار شہریوں کی جانب سے لب سڑک پھینکا جانے والا یہ کچہرا شہریوں میں بیماریوں کے پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ موسمی بیماریوںاور بارش کے دوران کچہرے کے نم ہونے کے سبب ہونے والے تعفن سے کئی ایک بیماریاں پیدا ہونے لگتی ہیں جو کہ شہریوں کو وبائی امراض کا شکار بن سکتی ہیں۔ درگاہ حضرت ابوالحسنات عبداللہ شاہ نقشبندی ؒ واقع نقشبندی چمن کی دیوار کے علاوہ مصری گنج کے کئی قبرستانوں کے قریب شہریوں اور انتظامیہ کی جانب سے شہریو ںکو کچہرا نہ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے بیانر نصب کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود کچہرے کے انبار لگائے جانے لگے ہیں جو کہ علاقہ میں بدبو و تعفن کا سبب بن رہا ہے۔ اسی طرح مغلپورہ کے اور کوٹلہ عالیجاہ سڑک پر مقامی عوام کی جانب سے ہٹائے گئے کوڑے دانوں کی جگہ پانی کے گھڑے رکھتے ہوئے انہیں مصنوعی آبدار خانوں میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ کچہرے پھینکنے والے غیر ذمہ دارشہریوں کو پینے کے پانی کا احساس رہے لیکن اس کے باوجود بھی کچہرا پھینکنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح فلک نما رعیتو بازار سے متصل سڑک پر جو کہ سرکاری اسکول کے روبرو اور ٹریفک پولیس اسٹیشن کی دیوار اور تحصیلدار بندلہ گوڑہ کے دفتر کی دیوار موجود ہے لیکن اس کے باوجود لب سڑک کچہرے کے انبار لگائے جانے لگے ہیں حالانکہ اس دیوار پر بھی بیانر لگاتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مقام پر کچہرا نہ پھینکیں ان اپیلوں کا بھی کوئی اثر نہیں ہونے اور بلدی عملہ کی جانب سے روزانہ کے اساس پر کچہرا اٹھانے کے اقدامات نہ کئے جانے کے سبب کئی علاقوں میں بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے جو کہ بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔