IIT مدراس کو ٹاپ پوزیشن، یونیورسٹیز، ریسرچ اور انجینئرنگ کالجس میں رینک کا تعین
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد (IITH) نے نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (NIRF) 2024 میں مجموعی زمرہ جات میں 12 واں مقام حاصل کیا ہے۔ 2022 اور 2023 کے مقابلہ آئی آئی ٹی حیدرآباد کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔ گذشتہ دو برسوں میں آئی آئی ٹی حیدرآباد کو ملک میں 14 واں رینک حاصل ہوا تھا۔ آئی آئی ٹی حیدرآباد نے ملک کی ٹاپ 10 انوویشن اداروں میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے جبکہ ٹاپ 50 ریسرچ اداروں میں 15 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ ملک کے ٹاپ 10 انجینئرنگ کالجس میں آئی آئی ٹی حیدرآباد کو 8 واں مقام حاصل ہے۔ مجموعی زمرہ جات کے تحت یونیورسٹی آف حیدرآباد اور عثمانیہ یونیورسٹی کو علی الترتیب 25 واں اور 70 واں رینک حاصل ہوا۔ تلنگانہ کے دیگر اداروں میں انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹکنالوجی حیدرآباد (IIIT) کو ٹاپ 100 یونیورسٹیز میں 74 واں مقام حاصل ہوا ہے جبکہ عثمانیہ یونیورسٹی کو ریاستوں کی سرکاری یونیورسٹیز میں 6 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد نے شاندار مظاہرہ کیا ہے اور ٹاپ 100 یونیورسٹیز میں 17، ریسرچ اداروں میں 28 واں جبکہ انجینئرنگ کالجس میں 70 واں رینک حاصل کیا ہے۔ ٹاپ 100 کالجس، اوپن یونیورسٹیز اور اِسکل یونیورسٹیز کے زمرہ میں تلنگانہ کے کسی بھی ادارہ کو جگہ نہیں ملی۔ منیجمنٹ زمرہ میں ICFAI فاؤنڈیشن فار ہائیر ایجوکیشن کو 39 واں جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ٹکنالوجی کو 97 واں رینک حاصل ہوا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ورنگل (NIT) کو فہرست میں 100 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کو فارمیسی کے زمرہ میں دوسرا جبکہ نلسار یونیورسٹی آف لاء اور ICFAI لاء اسکول کو لاء کالجس کے زمرہ میں علی الترتیب تیسرا اور 36 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ دیگر نامور اداروں میں عثمانیہ میڈیکل کالج اور آرمی ڈینٹل کالج کو اپنے متعلقہ زمرہ جات میں ٹاپ پوزیشن حاصل ہوئی۔ ملک کے اعلیٰ تعلیم سے متعلق اداروں کی رینکنگ 2024 نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (NIRF) نے 12 اگسٹ کو جاری کیا۔ جاریہ سال مجموعی زمرہ جات میں IIT مدراس کو ٹاپ پوزیشن حاصل ہوئی۔ تعلیمی اداروں کے زمرہ میں IISC بنگلور اور IIT بمبئی کا شاندار مظاہرہ رہا۔1