چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کامیاب نمائندگی
حیدرآباد: مرکزی وزیر برائے کھیل مانسکھ منڈاویہ نے تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی درخواست پر مثبت ردعمل ظاہرکیا ہے کہ 2026 کے کھیلو انڈیاگیمز کی میزبانی کے حقوق حیدرآباد کو دیے جائیں۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مرکز سے درخواست کی تھی کہ کھیلو انڈیا گیمز حیدرآباد میں منعقد کیے جائیں۔ اگرچہ سی ایم نے اگلے سال میزبانی کی درخواست کی تھی لیکن مرکزی وزیر مانسکھ منڈاویہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ 2026 میں گیمز منعقد کیے جائیں گے کیونکہ 2025 کے لیے بہار میں گیمز منعقدکرنے کا فیصلہ پہلے ہی لیا جا چکا ہے۔ ریاستی حکومت کے خصوصی نمائندے اے پی جیتندر ریڈی نے اس درخواست کو تحریری شکل میں مرکزی وزیرکو پیش کیا۔ ریونت ریڈی نے اپنے مکتوب میں ذکرکیا کہ حیدرآباد میں پہلے بھی کئی قومی سطح کے مقابلے منعقد ہوچکے ہیں، جن میں 32 ویں نیشنل گیمز(2002)، افرو ایشین گیمز، اور7 ویں ورلڈ ملٹری گیمز شامل ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یاد دلایا کہ موجودہ حکومت پچھلے دس سالوں کی حکومت کے مقابلے میں کھیل کے شعبے کو زیادہ اہمیت دے رہی ہے اور قومی سطح کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے تمام ضروری سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد کے گچی باولی میں موجود بین الاقوامی معیار کے انڈور اسٹیڈیم، سوئمنگ پول، اسنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک، ہاکی ٹرف، شوٹنگ رینج، سرور نگر میں ایرکنڈیشنڈ ملٹی پرپز انڈور اسٹیڈیم، اسنتھیٹک ٹینس کورٹ، اسکیٹنگ ٹریک، ایل بی اسٹیڈیم میں آؤٹ ڈور اسٹیڈیم، انڈور اسٹیڈیم، ٹینس کمپلیکس، فٹبال گراونڈ، کے وی بی آر انڈور اسٹیڈیم، حسین ساگر میں واٹر اسپورٹس کے انعقاد کی سہولیات، سائیکلنگ ویلوڈرم، اسنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک، سوئمنگ پول، اسکیٹنگ ٹریک، اور جمخانہ2 گراونڈ میں فٹبال گراونڈ کے ساتھ ساتھ دیگرکھیلوں کے انعقاد کی سہولیات کا ذکرکیا۔