حیدرآباد کے اطراف 3 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے تعمیری کاموں کا جائزہ

   

غریبوں کو کارپوریٹ علاج کی سہولتیں، وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد کے اطراف3 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس اور ورنگل میں ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کو مقررہ وقت پر مکمل کریں۔ پرشانت ریڈی نے آج حیدرآباد میں آر اینڈ بی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ورنگل میں ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے علاوہ حیدرآباد کے اطراف ایل بی نگر، الوال، صنعت نگر میں تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت غریب عوام کو کارپوریٹ طرز کی علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا قیام اسی مقصد کی تکمیل ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے ورنگل کے سوپر ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ گذشتہ ماہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر پرشانت ریڈی نے تعمیری کاموں کا شخصی طور پر جائزہ لیا تھا۔ ریاستی وزیر نے اسٹرکچر ویژول پریزنٹیشن کے ذریعہ ہاسپٹل میں قائم کئے جانے والے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تعمیری نقشہ میں بعض ضروری ترمیمات کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق عمارت کا مین بلاک انتہائی خوبصورت ہونا چاہیئے۔ انہوں نے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ 22 جون کو وہ تعمیری کاموں کا معائنہ کریں گے۔ ہاسپٹل کی تکمیل سے ورنگل اور اطراف کے اضلاع کے سینکڑوں عوام کو سہولت ہوگی۔ پرشانت ریڈی نے حیدرآباد کے اطراف قائم ہونے والے تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کا جائزہ لیا۔ ایل بی نگر میں 1000 بستروں پر مشتمل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے کام 26 مئی سے شروع کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری ایجنسی کو مقررہ وقت پر تکمیل کی فکر کرنی چاہیئے۔ تمام تکنیکی اُمور 26 مئی سے قبل مکمل کرلئے جائیں۔ الوال میں 1200 بستروں کا سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے زیر التواء کاموںکی عاجلانہ تکمیل کا جائزہ لیا۔ صنعت نگر کے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیری پیشرفت کے بارے میں عہدیداروں نے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 29 مئی کو الوال، صنعت نگر ہاسپٹلس کا شخصی طور پر دورہ کریں گے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ غریب عوام کی بھلائی اور بہتر علاج کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جائزہ اجلاس میں انجینئر انچیف آر اینڈ بی گنپتی ریڈی، سپرنٹنڈنٹ انجینئرس ستیہ نارائنا، محمد حفیظ، ناگیندر راؤ، ایگزیکیٹو انجینئرس نرسنگ راؤ، ڈی ای دُرگا پرساد، اے روہت اور آرکیٹکچر انجینئر نے اجلاس میں شرکت کی۔ر