حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ، 5 اگست تک بارش کی پیش قیاسی

   

عثمان ساگر کے 4 اور حمایت ساگر کے 2گیٹس کھول کر موسیٰ ندی میں پانی کی نکاسی
اچانک بارش سے شہر میں عام زندگی درہم برہم ، سڑکیں جھیل میں تبدیل ، گھنٹوں ٹریفک جام
حیدرآباد ۔ یکم اگست ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد اور اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دن مزید بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ متحدہ ضلع رنگاریڈی میں زوردار بارش ہونے کے سبب عثمان ساگر کے 4 اور حمایت ساگر کے 2گیٹس کھول کر موسیٰ ندی میں پانی کا اخراج کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں اس مرتبہ عجیب و غریب موسم دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ دن میں گرمی اور شام کے وقت بارش ہورہی ہے ۔شہر کے کئی مقامات پر دھواں دھار بارش ہورہی ہے تو کئی مقامات پر ایک خطرہ بارش بھی نہیں ہورہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کہیں نہ کہیں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہر میں اچانک دھواں دھار بارش ہونے سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں ۔ سڑکیں جھیل میں تبدیل ہورہی ہیں جس سے گھنٹوں ٹریفک جام ہورہی ہے ۔ پولیس اور جی ایچ ایم سی کے عملہ کو مختلف مقامات پر پانی کی نکاسی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے ۔ شہر کے مختلف مقامات کوکٹ پلی ، موسیٰ پیٹ ، سوماجی گوڑہ ، پنجہ گٹہ ، ایرم منزل ، خیرت آباد ، نامپلی ، لکڑی کا پل ، عابڈس ، بشیر باغ ، نارائن گوڑہ ، سکندرآباد ، تارناکہ ، اُپل ، کوٹھی ، چادر گھاٹ ، ملک پیٹ کے علاوہ پرانے شہر کے مختلف مقامات پر بارش ہورہی ہے ، جس سے اہم سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی اور ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے ۔ اچانک ہونے والی بارش سے گاڑی چلانے والوں کو دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ کئی مقامات پر ڈرینج کے اُبل پڑنے کی بھی شکایتیں وصول ہورہی ہیں ۔ نشیبی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ش ہر کے مضافات میں تیز رفتار بارش ہونے سے بڑی تیزی سے پانی عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں جمع ہورہا ہے جس پر عہدیداروں نے عثمان ساگر کے چار گیٹس کو چار فیٹ اور حمایت ساگر کے 2گیٹس کو 4فیٹ تک اوپر اٹھاکر پانی موسیٰ ندی میں چھوڑ رہے ہیں اور موسیٰ ندی کے کنارے رہنیو الے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ چادر گھاٹ اور اس کے اطراف و اکناف رہنے والے عوام میں بے چینی دیکھی جارہی ہے ۔ ایک ہفتہ قبل ان علاقوں سے دو ہزار افراد کا تخلیہ کردیا گیا تھا ۔وہ دوبارہ اپنے اپنے گھروں کو پہنچ کر صاف صفائی کے بعد نئی زندگی کا آغاز کررہے تھے ۔ دوبارہ موسیٰ ندی کے پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں 5 اگست تک بارش ہونے کی پیش قیاسی کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات کرنے کا حکام کو مشورہ دیا ہے ۔ اضلاع یدادری بھونگیر ، رنگاریڈی ، حیدرآباد ، میڑچل ، ملکاجگری ، محبوب نگر ، ناگر کرنول ، ونپرتی ، جوگو لامبا ، گدوال میں کہیں کہیں زیادہ بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اس طرح اضلاع عادل آباد ، کمرم بھیم آصف آباد ،منچریال ، نرمل ، جگتیال ، نارائن پیٹ ، ورنگل ، جنگاؤں اور سدی پیٹ میں زوردار بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ن