حیدرآباد کے 350 بستی دواخانوں کی کارکردگی سوپرہٹ: ہریش راؤ

   

جاریہ ماہ ریاست بھر میں 2000 رورل ڈسپنسریز کا منصوبہ، ہیلت ورکرس کی خدمات کی ستائش
حیدرآباد۔/20نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں جاریہ ماہ 2 ہزار دیہی دواخانوں کا آغاز ہوگا اور اے این ایم سنٹرس کو رورل ہاسپٹل کے طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔ وزیر صحت نے اے این ایم کی دوسری سالانہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے کورونا وباء کے دوران اے این ایم ورکرس کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ عوام کی زندگی بچانے میں ہیلت ورکرس کا غیر معمولی رول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، پولیس اور صفائی سے متعلق شعبہ جات نے متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے کورونا کی صورتحال پر قابو پانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں اے این ایم ورکرس کا اہم رول ہے۔ انہوں نے بتایا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ہیلت ورکرس عوام کو امراض کے بارے میں باشعور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی پی، شوگر اور کینسر جیسی بیماریوں سے عام طور پر لوگ ناواقف ہیں۔ ابتداء ہی میں ان امراض کا پتہ چلانے کی ضرورت پڑتی ہے اور ہیلت ورکرس شعور بیداری کا کام انجام دے رہے ہیں۔ حیدرآباد میں قائم کردہ 350 بستی دواخانوں کی کارکردگی کو سوپرہٹ قراردیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ان دواخانوں کے قیام کے سبب گاندھی، عثمانیہ اور فیور ہاسپٹلس میں آؤٹ پیشنٹ مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ اضلاع میں بھی بستی دواخانے قائم کئے جارہے ہیں اور 500 بستی دواخانوں کے قیام کی تجویز ہے۔ اے این ایم سنٹرس کو رورل ڈسپنسریز میں اپ گریڈ کیا جائے گا اور ریاست بھر میں جاریہ ماہ 2 ہزار رورل ڈسپنسریز قائم کی جائیں گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ تین دنوں میں حاملہ خواتین کیلئے ریاست بھر میں 58 اسکیاننگ سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوریز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔2014 میں 30 فیصد ڈیلیوریز ہوا کرتی تھیں جو اب بڑھ کر 67 فیصد ہوچکی ہیں۔ر