حیدرآباد ۔شکاگو ایر انڈیا راست پرواز کا آغاز

,

   

ایرپورٹ پر والہانہ استقبال، ہفتہ میں ایک دن فلائیٹ رہیگی
حیدرآباد: شکاگو سے حیدرآباد کے لئے ایر انڈیا کی راست پرواز جمعرات کی رات دیر گئے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچی۔ ایر انڈیا کی فلائیٹ

AI-108

میں 237 مسافر اور 16 عملہ کے ارکان تھے۔ یہی طیارہ دوپہر 12.50 بجے 226 مسافرین اور 16 عملہ کے ارکان کے ساتھ شکاگو کے لئے روانہ ہوا۔ شکاگو میں پہلی فلائیٹ سے حیدرآباد روانہ ہونے والے مسافرین کو ایرپورٹ پر ایر انڈیا اسٹاف نے وداع کیا۔ اسی طرح شکاگو روانہ ہونے والے مسافرین کو بھی ایر انڈیا حکام کی جانب سے پرخلوص انداز میں وداع کیا گیا ۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہلی فلائیٹ پہنچنے کے بعد کیک کاٹا گیا اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے مسافرین کا خیرمقدم کیا گیا ۔ حیدرآباد سے شکاگو کی فلائیٹ

AI-107

ہفتہ میں ایک دن جمعہ کو روانہ ہوگی۔ یہ فلائیٹ ہندوستانی وقت کے مطابق 12.50 بجے روانہ ہوگی اور اسی دن 18.05 بجے مقامی امریکی وقت کے مطابق شکاگو میں لینڈ کرے گی۔ شکاگو سے ہر چہارشنبہ کو امریکی وقت کے مطابق یہ فلائیٹ 21.30 بجے روانہ ہوگی اور حیدرآباد کے مقامی وقت کے مطابق 1.40 بجے پہنچے گی۔ حیدرآباد اور شکاگو کے درمیان 13293 کیلو میٹر کا فاصلہ 16 گھنٹے 45 منٹ میں طئے کیا جائے گا جبکہ شکاگو سے حیدرآباد کا فاصلہ 15 گھنٹے 40 منٹ میں طئے ہوگا۔ جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے سی ای او پردیپ پانیکر نے کہا کہ گزشتہ طویل عرصہ سے حیدرآباد شکاگو کے درمیان فضائی رابطہ کے آغاز کی تجویز تھی ۔ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہندوستانی ایر انڈیا نے یہ سرویس شروع کی ہے۔ دونوں مقامات کے مسافرین کو نئی فلائیٹ سے کافی سہولت حاصل ہوگی۔