ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں، ٹریفک کو آسان بنانے انڈر پاسیس کی عنقریب تکمیل
حیدرآباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر پنتنگی ٹول پلازہ پر بھوگی تہوار کے موقع پر 84,262 گاڑیوں کی آمد و رفت ہوئی ہے۔ اس ٹول پلازہ پر عام دنوں میں 40 ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں۔ سنکرانتی تہوار کے موقع پر اس ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملتی ہیں اور یہاں کے قصبوں اور چوراہوں پر گاڑیاں سینکڑوں کی تعداد میں آنے کی وجہ سے ٹریفک کا بڑا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔ سنکرانتی کے موقع پر زیادہ تر لوگ اپنے آبائی مقام کو جاتے ہیں اور انھیں کوئی متبادل راستے بھی نہیں ہیں۔ حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ ہائی وے پر 17 بلیک اسپاٹس میں دو سال قبل مختلف کام شروع کئے گئے تھے جہاں اکثر حادثات پیش آتے ہیں۔ ٹھیکیدار کو دیڑھ سال میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن وہ آگے نہیں بڑھ رہے ہیں۔ 17 بلیک اسپاٹس میں 16 مشترکہ نلگنڈہ ضلع میں ہیں اور ایک آندھراپردیش کے نواب پیٹ میں ہے۔ تقریباً 300 کروڑ روپیوں کی لاگت سے چوٹ اپل میں 10 مقامات پر فلائی اوور، 13 انڈر پاس پل اور سرویس روڈ بنائے جارہے ہیں۔ کام میں تیزی نہیں لائی جارہی ہے اور کئی کام ابھی تک شروع نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے چوراہوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت میں شدید خلل پڑرہا ہے۔ چٹیالہ منڈل کے پداکامیرتی میں انڈر پاس برج کا کام آدھا روک دیا گیا جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑرہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ بارشوں کی وجہ سے کام کو روک دیا گیا تھا۔ اسے اب بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ سرینواس راؤ پراجکٹ ڈائرکٹر این ایچ 65 نے کہاکہ ہم بلیک اسپاٹ پر مسافروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ ہم ٹھیکیداروں کو سرویس روڈ مکمل کرنے کی ہدایت کریں گے۔ چوٹ اپل کو چھوڑ کر ہم نے مارچ تک باقی انڈر پاس پلوں کو مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ جون تک چوٹ اپل پر فلائی اوور اور انڈر پاس کا کام مکمل کرلیں گے۔ (ش)
