حیدرآباد: ہینڈ بال فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اریشناپلی جگن موہن رائو نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کے تعاون سے ہر ضلع میں اکیڈیمی قائم کی جائے گی۔ یوم بین الاقوامی ہینڈ بال کی تقاریب کے ضمن میں رائو نے وعدہ کیا ہے کہ شہر میں ہینڈ بال کی عظمت رفتہ بحال ہوگی۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1970 کے دہے میں حیدرآباد ہینڈبال کا مرکز تھا اور اب اس کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے علاوہ نئے زمانے کے چیلنجس کو بھی پورا کیا جائے گا۔ حیدرآباد میں انڈور ہینڈ بال اسٹیڈیم کے قیام کے منصوبے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں شہر حیدرآباد میں ہینڈ بال کو فروغ دیا جائے اور سینئر کھلاڑیوں، کوچس اور اسپورٹس حکام کے اشتراک کے ساتھ ایک شاندار عمارت بھی قائم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہر حیدرآباد میں ہینڈبال کا انڈور اسٹیڈیم قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں تمام طرز کی عصری سہولیات دستیاب ہوں۔