چیف سکریٹری نے چندرائن گٹہ مرکز کا دورہ کیا، ہر کالونی میں گھر گھر سروے
حیدرآباد۔25 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے حیدرآباد میں ٹیکہ اندازی مہم کا جائزہ لینے کیلئے آج پریوار ٹاون شپ اپوگوڑہ چندرائن گٹہ کے ٹیکہ اندازی مرکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے ویکسین کی خوراک حاصل کریں۔ انہوں نے عوامی نمائندوں سے درخواست کی کہ عوام میں شعور بیداری کے ذریعہ ٹیکہ اندازی میں حصہ لینے کی ترغیب دیں تاکہ حیدرآباد میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کا نشانہ مکمل ہو۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے علاقہ میں ٹیکہ اندازی مہم کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گھر گھر سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے اور ایسے افراد کی نشاندہی کرلی گئی جنہوں نے ابھی تک ویکسین کی پہلی خوراک حاصل نہیں کی ۔ باقی افراد کا احاطہ کرنے کیلئے کالونی میں کیمپ منعقد کیا گیا ہے ۔ مقامی عوامی نمائندوں نے چیف سکریٹری کو تیقن دیا کہ وہ علاقہ میں جاریہ ماہ کے اختتام تک صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنائیں گے ۔ جی ایچ ایم سی اور ہیلت ڈپارٹمنٹ نے ویکسین کی پہلی خوراک کے معاملہ میں صد فیصد افراد کا احاطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر کالونی میں خصوصی مہم چلائی جارہی ہے اور گھر گھر پہنچ کر معلومات حاصل کی جارہی ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ابھی تک 585 کالونیوں کا احاطہ کیا گیا جہاں صد فیصد ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے۔ مہم کے دوران 47104 افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی جبکہ 7304 افراد کو دوسری خوراک دی گئی ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے 4182 اور ہیلت ڈپارٹمنٹ کے 1639 ملازمین کو مہم میں شامل کیا گیا ہے ۔ موبائیل ویکسینیشن کے لئے 594 گاڑیاں استعمال کی جارہی ہیں ۔ R