حیدرآباد کے اُفق پر آج مہ کامل کا نظارہ

,

   

شمالی نصف کرہ پر موسم بہار کی نوید، نصف کرہ جنوب میں خزاں کامقام
حیدرآباد 19 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد کے اُفق پر کل 20 مارچ کو مہتاب کامل کا خوبصورت نظارہ کیا جائے گا۔ لیکن یہ کرۂ ارض سے اتنا قریب نہیں رہے گا جو گزشتہ ماہ فروری میں تھا۔ فلکیاتی سائنسی اصطلاح میں اس کو ’’سوپر مون‘‘ یا ’’مہہ کامل‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ماہ مارچ کے چاند کو وارم مون کہا جاتا ہے اور کل کا مہہ کامل سوپر وارم مون ہوگا۔ بی ایم برلا سائنس سنٹر کے ڈائرکٹر بی جی سدھارتھ کے مطابق سوپر وارم مون موسم بہار کے پہلے دن بھرپور آب و تاب کے ساتھ جگمگاتا رہے گا جس سے رات کی تاریکی میں سارا آسمان منور ہوجائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ 20 مارچ چہارشنبہ کی شب 9:43 منٹ پر ’سوپر وارم مون‘ جگمگائے گا جو دراصل نصف کرۂ شمالی میں موسم بہار کی نوید ہے تو نصف کرۂ جنوبی میں موسم خزاں پت جھڑ کے آغاز کا پیغام ہے۔ مہ زاغ، مہ شکر اور دیگر ناموں سے معروف یہ چاند موسم سرما کا آخری مہ کامل بھی ہوتا ہے جو بنیادی طور پر بہار کے آغاز کا اشارہ دیتا ہے۔ جب درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوتا ہے اور زیرزمین رہنے والے مختلف حشرات بالخصوص کیچوے زمین کی سطح پر اُبھرنے لگتے ہیں۔