خاتون ایم ایل ایزکی توہین :خاطی پولیس ملازمین کی نشاندہی کی جائے

   

تلنگانہ ڈی جی پی کو ہائیکورٹ کی ہدایت، رپورٹ اسپیکر اور عدالت کو پیش کریں
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں بی آر ایس ارکان اسمبلی اور پولیس کے درمیان جھڑپ کے معاملہ میں تلنگانہ ہائیکورٹ نے اہم فیصلہ سنایا ہے۔ اسمبلی کے باب الداخلہ پر خاتون ارکان اسمبلی کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کرنے والے پولیس عہدیداروں کی نشاندہی کرنے ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند کو ہدایت دی گئی۔ عدالت نے کہاکہ خاطی پولیس عہدیداروں کی نشاندہی کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی کو رپورٹ پیش کی جائے۔ اس سلسلہ میں تفصیلات ہائیکورٹ میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عدالت نے واضح کیاکہ اسمبلی قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائی کا اختیار اسپیکر اسمبلی کو حاصل ہے۔ مانسون سیشن کے پہلے دن بی آر ایس ارکان اسمبلی اور کونسل کو نعرے تحریر کردہ ٹی شرٹ کے ساتھ ایوان میں داخلہ سے پولیس نے روک دیا تھا۔ اِس مرحلہ پر پولیس اور بی آر ایس ارکان کے درمیان دھکم پیل ہوئی اور خاتون ارکان نے اُن کے ساتھ نازیبا سلوک کی شکایت کی۔ یہ معاملہ تلنگانہ ہائیکورٹ پہونچا۔ عدالت نے آج سماعت کے دوران پولیس کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہاکہ بی آر ایس کی خاتون ارکان اسمبلی کے ساتھ نازیبا سلوک کا پولیس عہدیداروں کو کوئی اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے کہاکہ اِس واقعہ کے قصوروار پولیس عہدیداروں کی فوری طور پر نشاندہی کی جائے۔ اُن کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں رپورٹ اسپیکر کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عدالت نے کہاکہ اگر پولیس نے اسپیکر کی ہدایت کے مطابق کارروائی نہیں کی تو اُن کے خلاف کارروائی کا اختیار اسپیکر اسمبلی کو حاصل ہے۔ عدالت نے پہلی سماعت کے موقع پر عبوری احکامات میں ترمیم کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو خاطی عہدیداروں کی نشاندہی کی ہدایت دی ہے۔ ہائیکورٹ کے تازہ احکامات سے سیاسی حلقوں میں ہلچل دیکھی جارہی ہے اور بی آر ایس کو اُمید ہے کہ ہائیکورٹ سے انصاف ملے گا۔V/1