خاتون سعودی اتھلیٹ دونیہ اولمپکس کیلئے کوالیفائی

   

ریاض: دونیہ ابو طالب اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی سعودی خاتون بن گئی ہے۔ سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ سعودی تائیکونڈو ٹیم کی رکن دونیہ ابو طالب باضابطہ طور پر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی سعودی خاتون کھلاڑی بن گئی ہے۔ انہوں نے اولمپک گیمز کیلئے ایشیائی کوالیفائنگ راؤنڈز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں ویژن 2030 کے تحت نوجوانوں کیلئے کھیلوں میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے جن میں خواتین اور لڑکیوں کو خاصی اہمیت دی جارہی ہے۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 3 لاکھ 30ہزار رجسٹرڈ خاتون اتھلیٹس ہیں جب کہ 2021 سے سعودی عرب میں خاتون کھلاڑیوں میں 195 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دونیہ کی کارکردگی کھیلوں کے شعبہ میں سعودی لڑکیوں اور خواتین کی سب سے نمایاں کامیابی ہے۔