حیدرآباد۔ 24فروری (یو این آئی) گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر ایک خاتون نے اپنی بیٹیوں کو کنویں میں پھینک دیااور پھر خود بھی کنویں میں چھلانگ لگادی۔یہ واقعہ اے پی کے ضلع اننت پور کے پُٹاپرتھی میں پیش آیاجس میں تین بیٹیوں کی موت ہوگئی جبکہ ماں کا اسپتال میں علاج جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق ارونا نامی خاتون اوراس کے شوہر رمیش میں گزشتہ کچھ عرصہ سے جھگڑے چل رہے تھے ۔ان ہی جھگڑوں سے تنگ آکر ارونا نے کالونی کے قریب باولی میں اپنی تین بیٹیوں کو پھینک دیا اور خود بھی باولی میں چھلانگ لگادی۔ مقامی افراد جنہوں نے یہ منظر دیکھا فوری طورپر ان کو باہر نکالا تاہم تب تک 8سالہ بھاوئیا،5سالہ چندنا کی موت ہوگئی تھی جبکہ 8سالہ بھارگوی اور ارونا کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ بھارگوی کی راستہ میں ہی موت ہوگئی۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ ماں ارونا کی حالت خطرہ سے باہر ہے ۔بھاوئیا اور بھارگوی دونوں جڑواں بہنیں ہیں۔اس واقعہ کے سلسلہ میں پُٹاپرتھی پولیس نے ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔