خاتون پر دست درازی کیس واپس لینے ملزمین کا دباؤ

   

حیدرآباد 19 فروری (سیاست نیوز) خاتون سے دست درازی اور اُسے ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کروانے والے شخص کو درخواست واپس لینے کے لئے ملزمین کی جانب سے دھمکایا جارہا ہے۔ پولیس میرچوک میں شکایت درج کروانے پر بھی درخواست گزار کو انصاف سے محروم رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب خواجہ فریدالدین جو پیشہ سے اسٹو میکانک ہے اپنی بیوی سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے خلاف حسینی علم خورشید جاہ دیوڑھی کے ساکن خالد بن مازی کے خلاف ایک مقدمہ درج کروایا تھا اور پولیس اُس کی تلاش میں ہے۔ خاتون کو مبینہ طور پر درخواست واپس لینے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے جبکہ کل خواجہ فریدالدین پر تین نامعلوم افراد نے حملہ کرنے کی کوشش کی جس میں وہ بال بال بچ گئے۔ نامعلوم افراد نے حسینی علم پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے مقدمہ سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کی دھمکی دی ورنہ سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ میرچوک پولیس میں نامعلوم افراد کے خلاف شکایت درج کئے جانے پر بھی پولیس کارروائی سے قاصر رہی اور درخواست گذار کو کسی بھی قسم کا جواب نہیں ملا۔ متاثرہ خاتون کے افراد خاندان نے میڈیا کو بتایا کہ خالد بن مازی جو پولیس کی گرفت سے باہر ہے کو فوری گرفتار کیا جائے اور اُس کے ساتھیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے تاکہ وہ دھمکانا بند کردے۔