پرتاپ گڑھ: پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ صوبہ میں نظم نسق کے حالات اتنے ابتر ہو چکے ہیں کہ اب یونیفارم میں خاتون کانسٹیبل بھی محفوظ نہیں ہیں تو عام خاتون کیسے محفوظ رہیں گی ،یہ نظم نسق پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔حالات یہ ہے کہ جس طرح سے شرپسندوں نے ٹرین کے اندر خاتون کانسٹیبل پر قاتلانہ حملہ کر شدید طور سے زخمی کردیا ہے ، آج وہ موت و زندگی کی کشمکش میں ہے اور ابھی تک ملزمین پولیس کی گرفت سے دور ہیں ، پولیس جب اپنے کانسٹیبل کے ملزمین کا پتہ لگانے سے قاصر ہے ،تو وہ نظم نسق کوکیسے بہتر بنائے گی یہ بھی ایک اہم سوال ہے ۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ حکومت ایک جانب تو نظم نسق بہتر و جرائم پیشہ لوگوں کو صوبہ سے راہ فرار اختیار کرنے کا دعوی کرتی ہے ، اور معمولی جرائم پر بلڈوزر چلایا جا رہا ہے ،مگر دوسری جانب بے خوف شرپسند عناصر کے ذریعہ ایک ٹرین سوار یونیفارم میں ملبوس خاتون کانسٹبل پر قاتلانہ حملہ کر اس کو موت کی دہلیز پر پہونچا دیا گیا ہے ، مگر ابھی تک پولیس شرپسند عناصر کو گرفتار کرنے سے قاصر ہے ۔