خاتون کا اغواء، بدسلوکی اور زیورات لوٹنے والے دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 19 فبروری (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ نارسنگی میں ایک خاتون کا اغواء کرکے اس سے بدسلوکی اور طلائی زیورات لوٹ لینے کے واقعہ میں ملوث دو افراد کو پولیس نے اندرون 12 گھنٹے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس راجندر نگر زون جگدیشور ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ 18 فبروری کی شب درخواست گذار خاتون جو پیشہ سے گھریلو ملازمہ ہے، کام ختم کرنے کے بعد انڈس ویلینی کالونی پیرم چیرو کی سمت پیدل جارہی تھی کہ دو نامعلوم افراد نے کار روک کر اس کے مقام پر چھوڑنے کی پیشکش کی۔ کار میں سوار ہونے کے بعد خاتون سے 29 سالہ شبھم شرما اور 33 سالہ سمیت کمار شرما نے بدسلوکی شروع کردی اور اس کے گلے میں موجود طلائی چین چھین کر اسے قسمت پور علاقہ میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اس سلسلہ میں خاتون نے پولیس کو آگاہ کیا اور کچھ ہی دیر میں نارسنگی پولیس کی ٹیم موقع واردات پر پہنچ گئی اور فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا گیا جس کے بعد رہزنوں کی کار کا پتہ لگالیا گیا۔ پولیس نے اس واردات کے اندرون 12 گھنٹے ملزمین کا پتہ لگاتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے دو تولے طلائی چین برآمد کرلی۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔