خاتون کیساتھ غیر اخلاقی حرکت، متاثرہ خاتون کا اقدام خودسوزی

   

حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) چھتری ناکہ پولیس اسٹیشن کے قریب آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک خاتون نے خودسوزی کی ناکام کوشش کی۔ احتجاج کرنے والی خاتون نہانے کے دوران اُس کی ویڈیو لینے پر ایک کم عمر نوجوان کے خلاف فوری سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چھتری ناکہ علاقہ کے ساکن دسویں جماعت کے طالب علم نے ایک خاتون کی نہانے کے دوران چھپ کr اُس کی ویڈیو بنائی۔ طالب علم نے یہ ویڈیو اپنے دوستوں کو واٹس اپ کیا۔ اِس بات کا پتہ چلنے پر خاتون نے چھتری ناکہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی، چونکہ نوجوان ایس ایس سی امتحان میں شرکت کررہا ہے، اِس لئے پولیس نے کسی قسم کی کارروائی سے گریز کیا۔ اِس بات سے دلبرداشتہ خاتون نے چھتری ناکہ پولیس اسٹیشن کے روبرو خودسوزی کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔ بعدازاں پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔